ایران ، بھارت اور پاکستان کی کبڈی ٹیموں کے اعزاز میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تقریب کا انعقاد

منگل 8 جنوری 2019 23:33

ایران ، بھارت اور پاکستان کی کبڈی ٹیموں کے اعزاز میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تقریب کا انعقاد
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2019ء) اقبال سٹیڈیم میں کھیلی گئی کبڈی چمپئن شپ میں شریک ایران‘ بھارت اورپاکستانی کبڈی کھلاڑیوں اور آفیشلزکے اعزاز میں عشائیہ تقریب زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سٹاف کلب میں منعقد ہوئی۔ کمشنر فیصل آباد آصف اقبال چوہدری مہمان خصوصی جبکہ ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر‘ آر پی او غلام محمودڈوگر‘ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلرڈاکٹر صوفیہ انوار‘ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن مہر شفقت اللہ مشتاق اور سٹی پولیس آفیسر اشفاق احمد خان مہمانان اعزاز کے طو رپر تقریب میں شریک تھے۔

مہمان ٹیموں کے کھلاڑیوں اور تقریب کے شرکاء سے اپنے استقبالیہ خطاب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ کبڈی برصغیر میں پاور گیم کے طو رپر جانی جاتی ہے اوردیہی پنجاب میں نوجوانوں کی پسندیدہ اور ہردلعزیز کھیل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چند دہائیاں پہلے تک دیہی زندگی میں خاندان کے بزرگ اپنے جوان ہوتے ہوئے بچوں کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھتے تھے تاکہ وہ جسمانی صحت میں کسی بھی طرح گائوں کے دوسرے نوجوانوں سے کم نہ رہنے پائیں۔

انہوں نے مہمان ٹیموں کو یونیورسٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ ایران اور بھارتی کھلاڑیوں سے ملاقات اور عشائیہ میں شرکت پر انتہائی مسرور ہیں اور چاہتے ہیں کہ خطے کے دوسرے ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مائیں خاص طو رپر ا پنے بچوں کو دودھ‘ مکھن اور صحت افزاء غذائیں کھلاتی تھیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوںمیںصبح جلدی اُٹھ کر جسمانی ورزش اور صحت مند سرگرمیوں میں ان کی شرکت اور دلچسپی کم ہوتی گئی جس کا نتیجہ ہے کہ آج ہمارے بچوں کی کوشش ہوتی ہے کہ اگر جسمانی ورزش کرنا بہت ضروری بھی ہوتو یہ کام اپنے بیڈ روم میں ہی مکمل کر لیا جائے ۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ اپنے بچوں کے معمولات اورسرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں بازاری کھانوں اور چٹ پٹی چیزوں کے ساتھ ساتھ تنہائی میں انٹرنیٹ ‘موبائل کے استعمال اور انڈورتفریح سے دور رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری نوجوان نسل او خصوصاً بچیاں سمارٹنس کے چکر میں نہ صرف صبح کا ناشتہ نہیں کرتیں بلکہ خود کو صحت مند زندگی سے بھی بہت دور کر رہی ہیں لہٰذا ان کی مائوں کو وہ تمام ضروری اجزاء خوراک کا حصہ بنانے چاہئیں جس سے ان کی جسمانی ضروریات پوری ہوسکیں۔

کمشنر فیصل آباد آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کیلئے مزید سہولیات پیداکر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران فیصل آباد میں کھیلوں کے متعددقومی مقابلے کامیابی سے منعقد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے چمپئن شپ میںشرکت کرنے پر ایران اور بھارتی ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں انٹرنیشنل ٹیموں کیلئے مزیدبہتر اور مثالی انتظامات کئے جائیں گے تاکہ پاکستان میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کو رواج دیا جا سکے۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سردار سیف اللہ ڈوگر‘ ڈاکٹر شہزاد مقصود بسرا‘ سید قمر بخاری نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
وقت اشاعت : 08/01/2019 - 23:33:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :