ون ڈے رینکنگ،پاکستان کی پانچویں پوزیشن خطرے میں پڑ گئی

باﺅلرز میں سے کوئی ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بناسکا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 جنوری 2019 12:44

ون ڈے رینکنگ،پاکستان کی پانچویں پوزیشن خطرے میں پڑ گئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9جنوری2019ء) ایک روزہ عالمی رینکنگ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی چھٹی پوزیشن پر تنزلی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 5 میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز میں پروٹیز کے ہاتھوں کلین سویپ یا 4-1 سے شکست کی صورت میں قومی ٹیم کو ایک درجہ پیچھے ہٹنا پڑے گا، گرین شرٹس نے پانچوں میچز میں پروٹیز کے خلاف فتح سمیٹی تو108پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمائیں گے۔

اس وقت جنوبی افریقہ عالمی رینکنگ میں111پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے جب کہ پاکستان کی102پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن ہے، مشکل کنڈیشنز میں ٹیسٹ سیریز ہارنے والی پاکستان ٹیم کے لیے ون ڈے سیریز جیتنا بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گا،پاکستا ن نے مصباح الحق کی قیادت میں جنوبی افریقہ کو اس کے میدانوں پر شکست سے دوچار کیا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں بابراعظم پانچویں پوزیشن کے ساتھ ٹاپ ٹین میں شامل واحد پاکستانی بلے باز ہیں،باﺅلرز میں سے کوئی بھی ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بناسکا، حسن علی 12ویں نمبر پر موجود ہیں ، محمد حفیظ آل راﺅنڈرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کو جنو بی افریقہ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کے پہلے دونوں مقابلوں میں بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑ ا ہے ، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری تک جوہانسبرگ کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جب کہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جب کہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 09/01/2019 - 12:44:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :