شان مسعود پر ون ڈے ٹیم کے دروازے کھلنے کا امکان

جنید خان کی جگہ محمد عامر سنبھالیں گے، عابد علی کا انتظار مزید طویل ہونیکا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 جنوری 2019 13:32

شان مسعود پر ون ڈے ٹیم کے دروازے کھلنے کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9جنوری2019ء) جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریز کیلئے سکواڈ پر مشاورت مکمل ہوگئی ہے اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے فہرست منظوری کیلئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو سونپ دی،شان مسعود ،محمد عامر اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی واپسی کا امکان روشن ہوگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے پروٹیز سے ون ڈے سیریز کیلئے سکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے ، چیف سلیکٹر انضمام الحق نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات کرتے ہوئے فہرست حوالے کردی،سکواڈ کا اعلان 1 سے 2 روز میں متوقع ہے، ایشیا ءکپ میں ناقص کارکردگی کی وجہ سے تینوں فارمیٹ کی ٹیموں میں جگہ گنوا بیٹھنے والے محمد عامر اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی واپسی کا امکان ہے،وکٹ کیپر بیٹسمین نے آخری ون ڈے جنوری 2017ءمیں ایڈیلیڈ میں کھیلا تھا،عامر جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز کے سکواڈ میں شامل ہیں جب کہ انجری کی وجہ سے وطن واپس آنے والے حارث سہیل کے ساتھ جنید خان کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ممکنہ 18کھلاڑیوں کی فہرست میں ڈومیسٹک اور اے کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عابد علی کا نام بھی موجود تاہم ان کو موقع کیلئے مزید انتظار کرنا پڑسکتا ہے،ٹیسٹ سیریز میں عمدہ پرفارمنس دینے والے شان مسعود پر بھی ون ڈے ٹیم کے دروازے کھلنے کا امکان ہے۔ ممکنہ سکواڈ میں فخرزمان، امام الحق، محمد حفیظ، شان مسعود، بابر اعظم، شعیب ملک،سرفراز احمد، محمد رضوان، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری شامل ہیں،دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جب کہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جب کہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

 
وقت اشاعت : 09/01/2019 - 13:32:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :