انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ :مقابلے کل سے بہاولپور میں شروع ہوں گے،فائنل 13جنوری کو لاہور میں ہوگا، ترجمان پنجاب سپورٹس بورڈ

بدھ 9 جنوری 2019 14:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2019ء) انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے۔پنجاب سپورٹس بورڈ کے ترجمان عبدالرئووف نے بتایا کہ انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ کے مقابلے آج 10 جنوری سے بہاولپور میں شروع ہوں گے اور سیمی فائنل و فائنل 13جنوری کو لاہور میں ہوں گے۔ٹورنامنٹ میں بھارت، ایران اور پاکستان کی کبڈی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب کے معروف اور ہر دلعزیز کبڈی کے کھیل کا ’’انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا‘‘ منعقد کرانے کا اہمتام کیا ہے، یہ مقابلے بہاولپور ، ساہیوال اور لاہور میں ہوں گے جس میں بھارت ، ایران اور پاکستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔’’ انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا‘‘ کے پہلے مرحلے میںآج 10جنوری بروز جمعرات کوبہاولپور میںمقابلے ہوں گے، پہلا میچ دوپہر ایک بجے ایران اور بھارت جبکہ دوسرا میچ پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کے درمیان 2بجے ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسرے روز کل 11جنوری کو ساہیوال میں مقابلے ہوں گے ، پہلا مقابلہ پاکستان گرین اور ایران کے درمیان دوپہر ایک بجے جبکہ دوسرا میچ پاکستان وائٹ اور بھارت کے درمیان3بجے کھیلا جائے گا۔ انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کے سیمی فائنل اور فائنل پنجاب سٹیڈیم لاہور میں13جنوری کو ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کے لئے پانچ انتظامی کمیٹیاں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں ،ٹورنامنٹ کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ کے انعقاد سے تینوں ملکوں کے مابین دوستی کے رشتے پروان چڑھیں گے اور کبڈی کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا، ذرائع کیمطابق لاہور میں ہونے والے سیمی فائنل اور فائنل کے لئے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے ۔

وقت اشاعت : 09/01/2019 - 14:23:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :