بھارتی بکیز بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کو بھی داغدارکرنے لگے

5بھارتی بکیز کو4000ٹکا جرمانہ،سٹیڈیم بد ر کردیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 جنوری 2019 14:14

بھارتی بکیز بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کو بھی داغدارکرنے لگے
ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9جنوری2019ء) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ(بی پی ایل ) پر ایک بار پھر سے فکسنگ کے بادل منڈلانے لگے ، ملکی ادارے جوئے ، سٹے اور فکسنگ کی روک تھام کے لئے متحرک ہو گئے ہیں ۔بنگلہ دیش پریمئیر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے 3 روز میں ہی بنگلہ دیشی اداروں کو جوئے، سٹے اور فکسنگ کی روک تھام کے لئے متحرک ہونا پڑ گیا ہے کیوں کہ ایونٹ میں ایک بار پھر فکسنگ کے گہرے سائے منڈلانا شروع ہو گئے ہیں۔

پہلے تین روز میں بنگلہ دیشی اداروں نے 20 بکیز کو جرمانے کیے جس میں سے 6 کا تعلق بھارت سے بتایا گیا ہے، شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ،ڈھاکا میں فون پر فکسنگ کے جرم میں 5 بھارتیوں کو 4 ہزار ٹکہ(48ڈالرز) جرمانہ بھی کیا گیا ہے،اس کے علاوہ لیگ کے دوران ایک مقامی شخص کو بورڈ کو دھمکیاں دینے کے الزام میں جیل بھی بھیجا گیا ہے، گزشتہ سال بھی 80کے قریب افراد کو سٹیڈیم میں موبائل فون پر فکسنگ کے جرم میں گراﺅنڈ سے نکال دیا گیا تھا اور ان میں سے12غیر ملکی تھے ۔

(جاری ہے)

2011ءمیں شروع ہونے والی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ پر میچ فکسنگ کے بادل گزشتہ کچھ عرصے سے چھائے ہوئے ہیں اور لیگ کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑی معاہدے کے پورے پیسے نہ ملنے کی شکایات کر تے رہے ہیں ، 2015ءکے سیزن میں معطلی کا شکار رہنے کے بعد بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے اگلے سیزن کسی بڑے واقعے کے بغیر ہوئے ہیں ۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں 7 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی، رنگپور رائیڈرز کی ٹیم لیگ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔

بی پی ایل میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں دفاعی چیمپئن رنگپور رائیڈرز، ڈھاکہ ڈائنامائیٹس، چٹاگانگ ویکنگز، کومیلا وکٹورینز، کھلنا ٹائٹنز، راج شاہی کنگز اور سلہٹ سکسرز شامل ہیں، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی شرکت کررہے ہیں ،لیگ میں فائنل سمیت 46 میچز کھیلے جائینگے، لیگ کا فائنل میچ 8 فروری کو کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 09/01/2019 - 14:14:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :