حکومت کبڈی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، پوٹھوہار کبڈی کپ کا انعقاد جلد کیا جائے گا، سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن

جمعرات 10 جنوری 2019 14:42

حکومت کبڈی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، پوٹھوہار کبڈی کپ کا انعقاد جلد کیا جائے گا، سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2019ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت روایتی کھیل کبڈی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت اور پنجاب کبڈی فیڈریشن کے تعاون سے آنے والے دنوں میں پوٹھوہار کبڈی کپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ گزشتہ روز اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کبڈی پاکستان اور پنجاب کی پہچان ہے، دیہی علاقوں میں کبڈی کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر شافع حسین، صوبائی وزیر کھیل امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور پنجاب کبڈی فیڈریشن کے صدر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کے کبڈی کے فروغ کیلئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ روایتی کھیل ایک بار پھر نوجوانوں میں مقبول ہو رہا ہے۔ رانا سرور نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل میچز کے کامیاب انعقاد سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کبڈی فیڈریشن کے تعاون سے بہت جلد راولپنڈی میں پوٹھوہار کبڈی ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 10/01/2019 - 14:42:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :