عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز ریکارڈو کاکا اور لیوئیس فیگو پاکستان پہنچ گئے

پاکستان میں کھیلوں کی ترقی بالخصوص فٹ بال کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں عالمی شہرت یافتہ برازیل کے فٹ بالر کاکا اور پرتگال کے سابق کپتان لوئیس فیگو کی ورلڈ ساکر اسٹارز کی پروموشن کے لئے منعقدہ تقریب میں گفتگو

جمعرات 10 جنوری 2019 22:49

عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز ریکارڈو کاکا اور لیوئیس فیگو پاکستان پہنچ گئے
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2019ء) عالمی شہرت یافتہ برازیل کے فٹ بالر ریکارڈو کاکا اور پرتگال کے سابق کپتان لوئیس فیگو نے اپنی پہلی مرتبہ کراچی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کی ترقی بالخصوص فٹ بال کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنی آمد کے بعد یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

دنیائے فٹ بال کے دو بڑے نام کاکا اور لیوئس فیگو ورلڈ ساکر اسٹارز کی پروموشن اور فٹ بال فینز کو سال نو کا یادگار تحفہ دینے کیلئے کراچی پہنچے ہیں۔ تقریب میں دونوں کھلاڑیوں نے شائیقین کو آٹوگراف دیئے اور ریمپ پر آکر تقریب میں موجود مہمانوں کو محظوظ بھی کیا۔

(جاری ہے)

برازیل کے اسٹار فٹ بالر کاکا نے کہا کہ میرے لئے پاکستان آنا اعزاز کی بات ہے، اس سے قبل میں نے کبھی پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ان کا پاکستان آنا فٹ بال کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ کاکا نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ پرتگال کے سابق کپتان لوئیس فیگو نے کہا کہ میرا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، کراچی کے لوگوں نے بے پناہ محبت دی ہے، پاکستان میں فٹ بال کے کھیل کو بہت پسند کیا جاتا ہے اور ٹیلنٹ بھی موجود ہے، البتہ مواقعوں کی کمی کی وجہ سے فٹ بالر اپنے ٹیلنٹ کو ظاہر نہیں کر پارہے۔

فیگو نے کراچی میں بہترین انداز میں استقبال کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لوگ فٹ بال سے جنون کی حد تک لگاو رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم کے کوچ ہوزے انتونیو نوگوئرا کو اسٹیج پر بلاتے ہوئے کہا کہ ہم اپریل میں میچ کھیلنے کے لیے 10 عظیم کھلاڑیوں کے ہمراہ آئیں گے۔ فیگو نے ایک سوال کہ وہ ریال میڈرڈ کو سپورٹ کرتے ہیں یا بارسلونا کو تو انہوں نے کہا کہ یہ ایک آسان سوال ہے، میں ریال میڈرڈ کا رکن ہوں۔

فیگو سے جب سوال کیا گیا کہ کرسٹیانو رونالڈو اور رونالڈو میں سے بہتر کون ہے تو انہوں نے کہا کہ میں کھیلنے کے مختلف انداز کے سبب کھلاڑیوں کا موازنہ نہیں کرتا اور اگر ایک کو منتخب کریں گے تو ایسا لگے گا کہ دوسرا اتنا اہم نہیں ہے، میں دونوں کے ساتھ کھیلا ہوں اس لیے کسی ایک کا انتخاب نہیں کر سکتا۔ تقریب میں پاکستان فٹ بال ٹیم کے کپتان صدام حسین اور مڈ فیلڈر سعداللہ نے بھی شرکت کی۔

صدام حسین بین الاقوامی اسٹارز فیگو اور کاکا کے لئے پاکستانی ٹیم کی جرسی لے کر آئے اور انہوں نے کہا کہ اگر وہ میرا تحفہ قبول کر لیں تو میرے لئے بہت اعزاز کی بات ہو گی۔ انہوں نے دونوں اسٹارز کو پاکستان کی جرسی پیش کرتے ہوئے پاکستان آنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ٹچ اسکائی گروپ کے سی ای او احمر کنور نے کہا کہ ان کا گروپ پاکستان میں ایک بڑا ایونٹ پیش کرنے جارہا ہے، دنیائے فٹ بال کے نامور فٹ بالرز پر مشتمل ورلڈ ساکر اسٹارز کے ذریعے پاکستان کے بہتر امیج کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا، ورلڈ ساکر اسٹارز کے دو میچز 26 سے 29 اپریل کو کراچی اور لاہور میں ہوں گے جس میں فیگو اور کاکا کے علاوہ دیگر سپر اسٹار فٹ بالرز بھی ایکشن میں ہوں گے۔

قبل ازیں برازیل کے کاکا اور پرتگال کے سابق کپتان لوئیس فیگو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو انہیں سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک پیش کی گئی۔ پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لیے دونوں کھلاڑی مختصر دورے پر دبئی سے کراچی پہنچے۔ واضح رہے کہ ورلڈ ساکر اسٹارز کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں فٹ بال کے کھیل کو دوبارہ سے بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ اس دوران فٹ بال کے نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تکنیک سے آگاہی بھی فراہم کی جائیگی۔
وقت اشاعت : 10/01/2019 - 22:49:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :