حارث سہیل ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے پر افسردہ

انجری کے سبب انٹرنیشنل ٹور چھوڑنے کا کبھی اچھا احساس نہیں ہوتا:مڈل آرڈر بیٹسمین

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 11 جنوری 2019 16:46

حارث سہیل ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے پر افسردہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جنوری2019ء) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے محرومی پر افسردہ ہیں،ان کا کہنا ہے کہ انجری کے سبب انٹرنیشنل ٹور چھوڑنے کا کبھی اچھا احساس نہیں ہوتا۔حارث سہیل کے مطابق ٹیسٹ سیریز سے محرومی دل ٹوٹ جانے کے مترادف ہے کیونکہ وہ سائیڈ میچ میں ناقابل شکست نصف سنچری کے بعد ٹیسٹ میچوں پر نگاہیں مرکوز کر چکے تھے۔

یاد رہے کہ ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں کے دوران نیٹ پریکٹس نہ کرنے کے سبب انہیں پورے ٹور کیلئے ان فٹ قرار دے دیا گیا۔حارث سہیل کا کہنا تھا کہ وہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل فٹنس کی بحالی کے لیے پرامید تھے لیکن طبی معائنے کے بعد اندازہ ہوا کہ انجری سے مکمل نجات کے لیے کچھ وقت مزید درکار ہوگا لہٰذا انہیں بحالی صحت کے پروگرام کی غرض سے وطن واپس آنا پڑا اور انہیں امید ہے کہ چار ہفتے کی مدت میں وہ اپنی مکمل فٹنس بحال کر لیں گے۔

(جاری ہے)

کیریئر کے دوران انجری کی مشکلات سے دوچار رہنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے واضح کیا کہ ٹیسٹ میچز سے محرومی کی مایوسی میں میڈیا کی جانب سے منفی خبروں نے بھی اضافہ کیا تاہم وہ اپنے پرستاروں اور ساتھی پلیئرز کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں قومی ٹیم کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا اندازہ ہے اور وہ صحت کی بحالی کے لیے شروع ہونے والے پروگرام میں اپنی جانب سے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور مکمل فٹنس کے ساتھ ایک بار پھر ان کی قومی ٹیم میں واپسی ہو گی۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ میں سائیڈ میچ کے دوران دائیں گھٹنے کی انجری کے باعث وطن واپسی پر مجبور بلے باز کا آئندہ ہفتے سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی صحت پروگرام شروع ہوگا۔




وقت اشاعت : 11/01/2019 - 16:46:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :