اظہر علی ایشین پچز کے ”شیر“ ثابت ہونے لگے

سینئر بلے باز ایشیا سے باہر ابتک12کی اوسط سے111رنز سکور کرسکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ جنوری 21:08

اظہر علی ایشین پچز کے ”شیر“ ثابت ہونے لگے
جوہانسبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جنوری2019ء) قومی ٹیسٹ ٹیم کے سینئر ترین بلے باز اظہر علی ایشین پچز کے ”شیر“ ثابت ہونے لگے ۔ 33سالہ اظہر علی نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 50،4،2اور 11رنز کی باریاں کھیلی تھیں جب کہ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں انہوں نے اب تک 36،0،2،6اور0رنز سکور کیے ہیں ، ان 9ٹیسٹ اننگز میں انہوں نے 12.33کی اوسط سے 111رنز سکور کیے تھے جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی ۔

یونس خان او ر مصبا ح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد اظہر علی قومی ٹیم کے سینئر ترین بلے باز ہونے کی حیثیت سے امیدوں کا مرکز تھے تاہم ایشیا ءسے باہر ان کی حالیہ پرفارمنسز انتہائی خراب رہی ہیں اور اب ٹیسٹ ٹیم میں ان کی جگہ پر بھی سوالیہ نشان لگنا شروع ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 2وکٹوں کے نقصان پر 17رنز سکور کرلیے ہیں ،اس سے قبل اپنی پہلی اننگز میں جنوبی افریقی ٹیم 262رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی تھی ۔

جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ڈین ایلگر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایڈن مرکرام کے ہمراہ انہوں نے اننگز کا آغاز کیا تاہم کپتان ایلگر 4رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بن گئے ،مارکرم او ر ہاشم آملا نے دوسری وکٹ کے لیے 126رنز جوڑے ،اس دوران مارکرم نے اپنی5ویں ٹیسٹ نصف سنچری بھی مکمل کی،وہ 90رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بن گئے ، ہاشم آملا بھی اپنے آغاز کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور41رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے ،ڈی برائن اور زبیر حمزہ نے چوتھی وکٹ کے لیے75رنز جوڑے جس کے بعد ڈی برائن 49رنز بنا کر عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے،میزبان ٹیم کی آخری 7وکٹیں محض33رنز پر گریں اور پوری ٹیم 262رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔

پاکستان کے لیے فہیم اشرف نے3جبکہ محمد عباس،حسن علی اور محمد عامر نے2،2اور شاداب خان نے ایک وکٹ لی ۔پاکستان کے لیے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شان مسعود2رنز بنا کر فلینڈر کی گیند پر پوویلین لوٹ گئے ، اگلی ہی گیند پر اظہر علی بھی صفر کی خفت سے دوچار ہوکر پوویلین لوٹے،امام الحق اور نائٹ واچ مین محمد عباس نے کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور17رنز تک پہنچا دیا ،پروٹیز کےلئے فلینڈر نے2وکٹیں لیں۔ 

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 11/01/2019 - 21:08:16

Your Thoughts and Comments