جوہانسبرگ ٹیسٹ، جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آئوٹ، پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 17 رنز بنا لئے

جمعہ 11 جنوری 2019 23:06

جوہانسبرگ ٹیسٹ، جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آئوٹ، پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 17 رنز بنا لئے
جوہانسبرگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) جوہانسبرگ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے پہلے دن جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرام 90، تھیونس بروئن 49 اور ہاشم آملہ 41 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان نے پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 17 رنز بنا لئے اور اسے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 245 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی ابھی 8 وکٹیں باقی ہیں۔ جمعہ کو فاف ڈو پلیسی کی عدم موجودگی میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کی کپتانی کے فرائض نبھانے والے ڈین ایلگر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو انھیں ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا اور محمد عباس نے اپنے پہلے ہی اوور میں ایلگر کی وکٹ حاصل کر لی، وہ صرف 5 رنز بنا سکے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی ایڈن مارکرام نے 16 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے۔ وہ فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ہاشم آملہ اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 41 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، تھیونس بروئن 49 رنز بنا کر محمد عباس کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔اس کے بعد محمد عامر نے بھوما اور زبیر حمزہ کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کر کے پاکستان کی پوزیشن قدرے مستحکم کر دی، ڈیبیوٹنٹ زبیر حمزہ 41 رنز بنا سکے۔

فلینڈر ایک رن بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ربادا حسن علی کی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔کوئنٹن ڈی کوک 18 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی ڈی اولیور تھے جو کوئی سکور نہ بنا سکے۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، محمد عامر، محمد عباس، اور حسن علی نے دو دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان کی پہلی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور 6 کے مجموعی سکور پر شان مسعود اور اظہر علی یکے بعد دیگرے فلینڈر کا شکار بن گئے۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 17 رنز بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی آئوٹ ہوئے، امام الحق 10 اور محمد عباس صفر پر ناٹ آئوٹ ہیں، پاکستان کو جنوی افریقہ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 245 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی ابھی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فخر زمان، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ شاداب خان، فہیم اشرف اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیاجبکہ جنوبی افریقہ نے فاف ڈو پلیسی کی جگہ زبیر حمزہ کو ڈیبیو کرانے کا فیصلہ کیا۔یاد رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے، ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔
وقت اشاعت : 11/01/2019 - 23:06:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :