اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم سے نکال دینا چاہیئے:رمیز راجہ

وہی کھلاڑی حتمی الیون کا حصہ ہونے چاہیئے جو ٹیم کے کام آئیں:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 13 جنوری 2019 12:41

اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم سے نکال دینا چاہیئے:رمیز راجہ
جوہانسبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13جنوری2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اوپننگ بلے باز رمیز راجہ نے ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف تجربہ ہی ٹیم میں شامل کرنے کی وجہ نہیں ہونی چاہئے بلکہ یہ دیکھنا چاہئے کہ کھلاڑی ٹیم کیلئے کیا کارکردگی دکھا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ ٹیسٹ میں بھی پاکستانی بیٹنگ لائن کے ناکام ہونے پر جہاں پاکستانی سیخ پا ہیں وہیں رمیز راجہ بھی پھٹ پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اظہر علی کی ٹیم میں جگہ پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 30 رنز بنائے اور اس کے بعد اب تک ان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی ہے۔ وہ شارٹ پچ گیند کھیل سکتے ہیں اور نہ ہی سوئنگ ہوتی گیند کا سامنا کر پاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سیریز میں اس طرح کی کارکردگی دیکھ کر صرف اتنا ہی کہا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے تجربے کی بنیاد پر ہی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو پائے ہیں کیونکہ وہ 70 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں لیکن میرا یہ ماننا ہے کہ بعض اوقات آپ کو ٹیم کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرنا پڑتے ہیں کیونکہ تمام لڑکے ہی پاکستان کیلئے کھیلنے، کچھ کر دکھانے اور ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے سکواڈ میں شامل ہوتے ہیں۔

کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور اس میں وہی کھلاڑی حتمی الیون کا حصہ ہونے چاہیئے جو ٹیم کے کام آئیں ، آپ کتنے ہی اچھے کھلاڑی ہوں لیکن اگر آپ ٹیم کے کام نہیں آرہے تو پلیئنگ الیون میں آپ کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیئے ۔ 56سالہ رمیز راجہ نے تیسرے ٹیسٹ کے لیے لیگ سپنر یاسر شا ہ کو ٹیم سے ڈراپ کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یاسر شاہ جیسے میچ ونر کو ڈراپ کرنا ٹیم مینجمنٹ کا غلط فیصلہ تھا ،آپ کیسے تیز ترین 200ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے باﺅلر کو ایک ایسی پچ پر کھیلنے سے محروم کرسکتے ہیں جس پر اسے مدد مل سکتی ہو؟،میرے خیال میں ان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک ہوا ہے ،ٹیم مینجمنٹ نے انہیں بلے بازوں کی ناقص کاکردگی کو دیکھتے ہوئے ڈراپ کیا ہے جس سے یہ ظاہر ہورہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ درست فیصلے نہیں کررہی کیوں کہ ٹیسٹ کرکٹ سپیشلسٹ کھلاڑیوں کا کھیل ہے۔

وقت اشاعت : 13/01/2019 - 12:41:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :