پی ایس ایل4 سے قبل نیا تنازعہ، پی سی بی کے اہم ترین عہدیدار اچانک مستعفی

بورڈ کے ایک اعلی عہدیدار سابق پولیس افسر کو ”ایڈجسٹ“ کرنا چاہتے ہیں :ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 14 جنوری 2019 13:03

پی ایس ایل4 سے قبل نیا تنازعہ، پی سی بی کے اہم ترین عہدیدار اچانک مستعفی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14جنوری2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر سیکورٹی اینڈ ویجیلنس کرنل ریٹائرڈ اعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔پی سی بی ترجمان نے کرنل ریٹائرڈ اعظم کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے آغاز سے چند روز قبل اس فیصلے سے کرکٹ بورڈ کی مشکلات بڑھ گئی ہیں کیوں کہ پی ایس ایل ویسے ہی ماضی میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل کا شکارہوچکی ہے جس کے بعد اب پی سی بی کو ہر فرنچائز کے لیے ویجیلنس آفیسر کا تقرر بھی کرنا ہے اور اب یہ تمام اقدامات ہنگامی طور پر کرنا ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے ایک اعلی عہدیدار ایک سابق پولیس افسر کو اس عہدے پر لانا چاہتے ہیں اور کرنل ریٹائرڈ اعظم کے مستعفی ہونے کی بڑی وجہ بھی یہی بتائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن آئندہ سال 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگا۔ لیگ کا فائنل میچ 17مارچ کو کراچی میں کھیلا جائیگا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ لیگ راﺅنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائیگی۔ اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو دفعہ اور پشاور زلمی کی ٹیم ایک بار لیگ جیت چکی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ 14فروری کو دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں فائنل سمیت کل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے آخری 8 میچز پاکستان کے شہروں لاہور اور کراچی میں کھیلے جائینگے۔ لاہور میں 3 میچز جبکہ فائنل سمیت پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائینگے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ 7 مارچ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین فلڈ لائٹس میں ہوگا جبکہ لاہور میں پہلامیچ 9 مارچ کو لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔

پاکستان میں کھیلے جانےوالے 8 میچز کے علاوہ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 14میچز اور چار میچز شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائینگے۔ شیدول کے مطابق پی ایس ایل میں شرکت کرنےوالی تمام ٹیمیں ہر ٹیم کےساتھ دو دو میچز کھیلیں گی۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، زمبابوے کے برینڈن ٹیلر سمیت 19کھلاڑی پہلی بار پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئینگے۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل میچ 17 مارچ کو کھیلا جائیگا جو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 14/01/2019 - 13:03:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :