دورہ جنوبی افریقہ ،اظہر محمود دور کی کوڑی لے آئے

محمد عامر کے سوا پہلے کوئی باﺅلر جنوبی افریقہ میں نہیں کھیلا،یہاں کی وکٹیں اور ماحول مختلف ہے: باﺅلنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 جنوری 2019 13:13

دورہ جنوبی افریقہ ،اظہر محمود دور کی کوڑی لے آئے
جوہانسبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جنوری2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ اظہر محمود اپنے بالرز کی ناتجربہ کاری کا رونا رونے لگے،کہتے ہیں کہ محمد عامر کے سوا پہلے کوئی قومی باﺅلر جنوبی افریقہ میں نہیں کھیلا،یہاں کی وکٹیں اور ماحول یکسر مختلف ہے لہٰذا بیشتر پلیئرز کے سیکھنے کا عمل جاری ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستانی باﺅلرز سینچورین اور کیپ ٹاو¿ن میں اچھی باﺅلنگ نہیں کر سکے جبکہ جوہانسبرگ میں بھی وہ اس سے کہیں بہتر باﺅلنگ کر سکتے تھے جو انہوں نے دکھائی لیکن چونکہ بیشتر باﺅلرز ناتجربہ کار ہیں لہٰذا یہ ان کیلئے سیکھنے کا بہترین موقع تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کے سوا پہلے کوئی پاکستانی باﺅلر جنوبی افریقہ نہیں آیا جہاں وکٹیں ہی نہیں ماحول بھی بالکل مختلف ہے اور اس لحاظ سے دیکھا جائے تو نوجوان پیسرز سیکھنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اظہر محمود کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں وہ حریف ٹیم کو جلد آو¿ٹ کرنا چاہتے تھے تاکہ گرین شرٹس کو 270 یا 280 رنز کا ہدف ملتا لیکن ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک نے عمدگی سے بیٹنگ کی اور گیندیں چھوڑنے کے ساتھ ہی باو¿نڈریز بھی لگائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئنٹن ڈی کوک دنیا کے بہترین کرکٹرز میں سے ایک ہیں جن کو سٹروکس کھیلنا پسند ہے جبکہ وہ اچھی بالز پر بھی چوکے لگا سکتے ہیں لہٰذا ان کی اننگز لاجواب کہی جا سکتی ہے۔شاداب خان کو کم استعمال کرنے کا دفاع کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وکٹ پر بال سوئنگ ہوتی دیکھ کر انہوں نے فاسٹ باﺅلرز پر انحصار کیا تاہم مجموعی اعتبار سے انہیں باﺅلرز کی کارکردگی پر اطمینان ہے کیونکہ پاکستان کی طرح جنوبی افریقی بیٹنگ کو بھی جدوجہد کا شکار ہونا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کافی کم عمر ہیں جن کو صرف چھ فرسٹ کلاس میچوں کا تجربہ ہے اور اس میں بھی تین ٹیسٹ میچز شامل ہیں جس کے سبب انہیں تھکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا اور وہ باﺅلنگ کا بوجھ نہیں اٹھا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ شاہین شاہ آفریدی پر کام کے بوجھ کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ون ڈے میچوں میں ان کی زیادہ اہمیت ہے۔
وقت اشاعت : 15/01/2019 - 13:13:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :