کوہلی نے آسٹریلیا میں وہ کردکھایا جو ٹنڈولکر بھی نہیں کرپائے تھے

بھارتی کپتان نے دوسرے ون ڈے میں39ویں سنچری سکور کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 جنوری 2019 16:53

کوہلی نے آسٹریلیا میں وہ کردکھایا جو ٹنڈولکر بھی نہیں کرپائے تھے
ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جنوری2019ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے کے دوران وہ کارنامہ سر انجام دے دیا جو عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر بھی نہیں کرسکے تھے ۔ 30سالہ ویرات کوہلی نے آسٹریلیاکے خلاف ایڈیلیڈ کے مقام پر کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں اپنے کیریئر کی39ویں سنچری سکور کی جس کے ساتھ ہی وہ آسٹریلیوی سر زمین پر سنچری سکور کرنے والے پہلے بھارتی کپتان بھی بن گئے ، اس سے قبل سابق کپتان محمد اظہر الدین نے1992ءمیں آسٹریلیا کے خلاف 93رنز سکور کیے تھے جب کہ سچن ٹنڈولکر نے2000ءمیں پاکستان کےخلاف93رنز کی اننگز کھیلی تھی ۔

ویرات کوہلی آسٹریلیا میں زیادہ انٹر نیشنل سنچریاں سکو ر کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں ، وہ اب تک کینگروز کے دیس میں 11سنچریا ں سکور کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کے علاوہ سابق برطانوی بلے باز ڈیوڈ گواراور جیک ہوبس نے آسٹریلیا میں9،9،لیجنڈری ویسٹ انڈین بلے باز برائن لارا نے 8جبکہ وولی ہیمنڈ، سر ویوین رچرڈز ،وی وی ایس لکشمن اور سچن ٹنڈولکر نے آسٹریلیا میں7،7سنچریاں سکور کررکھی ہیں ۔

یاد رہے کہ بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کی۔میزبان آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کے لیے 299 رنز کا ہدف دیا جو مہمان ٹیم نے ویرات کوہلی کی شاندار سنچری اور مہندرا سنگھ دھونی کی نصف سنچری کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 49.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔ہدف کے تعاقب میں روہت شرما اور شیکھر دھون نے پہلی وکٹ پر 47 رنز کی شراکت قائم کی، دھون 32 اور شرما 43 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے،کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 112 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز کھیلی۔

مہندرا سنگھ دھونی 55 اور دنیش کارتھک 25 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، آسٹریلیا کی جانب سے جیسن بیہنڈروف، جے رچرڈسن، مارکس اسٹونس اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو شان مارش کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے۔

اوپننگ بلے باز الیکس کیری 18 اور کپتان ایرون فنچ 6 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ، گلین میکسویل 48، مارکس سٹونس 29، عثمان خواجہ 21 اور پیٹر ہینڈسکوب20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے شان مارش نے 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 123 گیندوں پر 131 رنز بنائے۔ بھونیشور کمار نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں،محمد شامی نے 3 اور روندرا جدیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
وقت اشاعت : 15/01/2019 - 16:53:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :