بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی ، سیریز 1-1سے برابر

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا

منگل 15 جنوری 2019 19:31

بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی ، سیریز 1-1سے برابر
ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی،میزبان آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کے لیے 299 رنز کا ہدف دیا جو مہمان ٹیم نے ویرات کوہلی کی شاندار سنچری اور مہندرا سنگھ دھونی کی نصف سنچری کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 49.2 اوورز میں حاصل کرلیا،ہدف کے تعاقب میں روہت شرما اور شیکر دھاون نے پہلی وکٹ پر 47 رنز کی شراکت قائم کی، دھاون 32 اور شرما 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 112 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز کھیلی۔مہندرا سنگھ دھونی 55 اور دنیش کارتھک 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور 299 رنز کا ہدف 49.2 اوورز میں حاصل کیا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی جانب سے جیسن بیہنڈروف، جے رچرڈسن، مارکس اسٹونس اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

قبل ازیں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو شان مارش کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے۔اوپننگ بلے باز الیکس کیری 18 اور کپتان ایرون فنچ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ گلین میکسویل 48، مارکس اسٹونس 29، عثمان خواجہ 21 اور پیٹر ہینڈسکوم 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے سنچری بنانے والے شان مارش نے 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 123 گیندوں پر 131 رنز بنائے۔بھارت کے بھونیشور کمار نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد شامی نے 3 اور روندرا جدیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 15/01/2019 - 19:31:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :