پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے 12 کروڑ گرانٹ کی درخواست کردی

ہاکی لیگ میں شرکت نہ کرنے سے پاکستان کو دوسال کی معطلی اور جرمانہ کا سامنا کرنا پڑے گا، ایاز محمود

منگل 15 جنوری 2019 20:36

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے 12 کروڑ گرانٹ کی درخواست کردی
لاہور۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کے لیے حکومت سے 12 کروڑ روپے کی گرانٹ کی درخواست کردی، ہاکی لیگ میں شرکت نہ کرنے سے پاکستان کو دوسال کی معطلی اور جرمانہ کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ایسوسی ایٹس سیکرٹری پی ایچ ایف ایاز محمود نے کوچ دانش کلیم کے ہمراہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر 20 جنوری تک فنڈز جاری نہ کیے گئے تو نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دو روز قبل ایک حکومتی عہدیداران نے کہا کہ ہمیں 27 کروڑ دیے جبکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ ساڑھے تین سال میں ہمیں وفاقی حکومت کی طرف سی32 کروڑ کی گرانٹ ملی، وزیر اعلیٰ سندھ سے 22 کروڑ کی گرانٹ آئی اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے 20 لاکھ دیے ۔

(جاری ہے)

ہمارے پاس ان فنڈز کے استعمال کی تمام تر تفصیلات موجود ہیںجس کا کسی بھی سطح پر آڈٹ کروایا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پرو ہاکی لیگ کیلئے ہماری ٹیم نے جانا ہے،ارجنٹینا جانے کیلئے اڑھائی کروڑ درکار ہیں،اس کے بعد لیگ کے لئے ہم نے آسٹریلیا جانا ہے اور 18 میچز کھیلنے ہیں،حکومت سے درخواست ہے کہ ہمیں فوری طور پر فنڈز فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ پروہاکی لیگ میں شرکت نہیں کرتے تو دو سال معطلی اور جرمانہ ہوگا،شرکت نہ کرنے سے ہمارے ملک کی بدنامی ہوگی۔

ہمارے پاس فنڈز نہ ہونے پر سپورٹس بورڈ پنجاب سے کیمپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے رہائش مانگی۔ایک سوال پر سیکرٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کے پاس اسوقت ایک کروڑ 75 لاکھ روپے ہیں-2020 اولمپکس کیلئے پروہاکی لیگ کھیلنا ضروری ہے،ہاکی فیڈریشن کو دس سے بارہ کروڑ کی ضرورت ہے۔سابقہ دور میں. بھی حکومت کی گرانٹ پر ٹیم جاتی تھی۔

اس موقع پر قومی کوچ دانش کلیم کا کہنا تھا کہ گرانٹ ملنے پر فیڈریشن کے حالات بہتر ہوجائیں گے، کچھ لوگ ہاکی پر سیاست کرتے ہوئے پرو لیگ میں عدم شرکت کا مشورہ دے رہے ہیں لیکن پاکستان پر دو سال کی پابندی لگنے کے بعد ان کی سیاست یہاں ہی رہ جانی ہے۔ پروہاکی لیگ میں شرکت سے قومی ٹیم ٹاپ دس ٹیموں میں آسکتی ہے،ہماری موجودہ ٹیم میں نوجوان لڑکے شامل کیے گئے،بھارت اور بیلجیئم کی ٹیموں نے حکومتی گرانٹ سے بہتر پوزیشن حاصل کی۔بھارت ہاکی فیڈریشن کو بھارتی کرنسی میں دو ارب ملتے ہیں ۔ہاکی میں سپانسر کو آگے لانے کے لئے مارکیٹینگ ڈیپارٹمنٹ بنا نے کی سوچ ہے۔
وقت اشاعت : 15/01/2019 - 20:36:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :