بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، کومیلا وکٹورینز نے تیسری کامیابی حاصل کر لی، کھلنا ٹائٹنز کی متواتر چار شکستوں بعد پہلی فتح، جنید خان اور وہاب ریاض کی عمدہ بائولنگ

منگل 15 جنوری 2019 23:29

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، کومیلا وکٹورینز نے تیسری کامیابی حاصل کر لی، کھلنا ٹائٹنز کی متواتر چار شکستوں بعد پہلی فتح، جنید خان اور وہاب ریاض کی عمدہ بائولنگ
ڈھاکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کومیلا وکٹورینز نے تیسری کامیابی حاصل کر لی، کھلنا ٹائٹنز نے متواتر چار شکستوں بعد پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا، پاکستانی بائولرز جنید خان اور وہاب ریاض نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی ٹیموں کو فتوحات دلائیں، دونوں نے تین، تین وکٹیں لیں۔ منگل کو کھیلے گئے لیگ کے 15ویں میچ میں کھلنا ٹائٹنز نے راجشاہی کنگز کو 25 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی، کھلنا ٹائٹنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 128 رنز بنائے، عارف الحق 26 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈیوڈ میلان 15 اور کپتان محموداللہ 9 رنز بنا سکے، اودانا، مہدی حسن میراز اور عرافات سنی نے دو، دو وکٹیں لیں، جواب میں راجشاہی کنگز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19.5 اوورز میں 103 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان مہدی حسن میراز 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، جنید خان اور تیجل اسلام نے تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

لیگ کے 16ویں میچ کومیلا وکٹورینز نے سلہٹ سکسرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی سمیٹی، سلہٹ سکسرز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 14.5 اوورز میں 68 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ایلوک کپالی 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈیوڈ وارنر سمیت 10 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، مہدی حسن نے 4 اور وہاب ریاض نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں کومیلا وکٹورینز نے مطلوبہ ہدف 12ویں اوور میں 2 وکٹوں پر پورا کیا، تمیم اقبال اور انعام الحق بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد شمس الرحمان نے 34 اور امرالقیس نے 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔
وقت اشاعت : 15/01/2019 - 23:29:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :