محمد عامر کو صرف سیم اور سوئنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز میں کھلانے پرغور

فاسٹ باﺅلر سوئنگ کےلئے سازگار کنڈیشنز میں سود مند ثابت ہوتے ہیں:مکی آرتھر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 16 جنوری 2019 15:02

محمد عامر کو صرف سیم اور سوئنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز میں کھلانے پرغور
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جنوری2019ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو صرف سیم اور سوئنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز میں کھلانے پرغور کیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ستمبر2016ءمیں انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی کے بعد محمد عامر نے قومی ٹیم کے متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے 10ٹیسٹ میچز میں سے4میں حصہ لیا تھا اور وہ میچز بھی نسبتا کمزور ٹیسٹ ٹیموں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف تھے تاہم ان 4ٹیسٹ میچز میں ان کے7شکاروں کی فی وکٹ اوسط56.43رہی تھی اور پاکستان کو ان 4میں سے 3ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

دورہ جنوبی افریقہ کے دوران جب قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے فاسٹ باﺅلرز کے تیز گیند بازی نہ کرنے کا شکوہ کیا تو وہ حق بجانب تھے کیوں کہ کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ میں محمد عامر کی 61فیصد گیندوں کی رفتار120سے132کلومیٹر فی گھنٹا تھی ۔

(جاری ہے)

محمد عامر کی رفتار کو دیکھتے ہوئے ہی ٹیم مینجمنٹ نے انہیں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ہوم سیریز میں کھلانے کی بجائے قائد اعظم ٹرافی کھیلنے کے لیے بھیج دیا تھا اور دورہ جنوبی افریقہ کے لیے وہ اب بار پھر آٹو میٹک چوائس بن کر سامنے آئے اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 2.67کے اکانومی ریٹ کے ساتھ پاکستان کے کامیاب ترین باﺅلر ثابت ہوئے جبکہ دیگر پاکستانی باﺅلر ز نے جنوبی افریقہ کے خلاف3.1رنز فی اوور سے زیادہ کا اکانومی ریٹ رکھا،26سالہ عامر نے23.58کی اوسط سے 12وکٹیں حاصل کیں جو اس سیریز میں کسی بھی پاکستانی باﺅلر کی جانب سے بہترین کاکردگی تھی ۔

محمد عامر کی اس پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کو چ مکی آرتھر نے بھی اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ فاسٹ باﺅلر کو صرف سیم اور سوئنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز میں کھلانے کا آپشن زیر غور ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ صرف انہیں ہی نہیں بلکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کو بھی کرنا ہے لیکن یہ آپشن بھی زیر غور ہے کیوں کہ محمد عامر اب وہ باﺅلر نہیں رہے جو145کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے گیند بازی کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عامر اس باﺅلنگ یونٹ کو کنٹرول دیتا ہے اور جس طرح وہ گیند کو سوئنگ کروانے کی صلاحیت رکھتا ہے اس دیکھتے ہوئے مستقبل میں ہم عامر کو ایک مخصوص رول دینے پر غور کررہے ہیں ۔ 
وقت اشاعت : 16/01/2019 - 15:02:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :