اقبال قاسم نے قومی ٹیم کو کوچز کو برطرف کرنے کا مطالبہ کردیا

جنوبی افریقہ کے مشکل دورے کیلئے تیاری اور پلاننگ کا فقدان دکھائی دیا،سابق سلیکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 جنوری 2019 15:26

اقبال قاسم نے قومی ٹیم کو کوچز کو برطرف کرنے کا مطالبہ کردیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جنوری2019ء) سابق ٹیسٹ سپنر اور چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے پاکستان کرکٹ کو بچانے کیلئے ناکام کوچز کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے مشکل دورے کے لیے تیاری اور پلاننگ کا فقدان دکھائی دیا لہٰذا نااہل کوچنگ سٹاف کو نکال باہر کیا جائے۔ایک انٹر ویو میں اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ دورے کی ابتداءمیں ہی یہ بات واضح ہو گئی تھی کہ پلیئرز کو سخت اور باﺅنسی وکٹوں پر مشق نہیں کرائی گئی،دونوں ٹیموں میں کوئی خاص فرق نہیں تھا مگر پاکستانی سائیڈ میں ذمہ داری اور درست کام کیلئے درست افراد کے چناﺅکا فقدان نظر آیا کیونکہ ٹور کے لیے منتخب کرکٹرز طویل فارمیٹ کی تکنیک سے عاری تھے جن میں کوئی غیر معمولی بات بھی نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا پورا کوچنگ سٹاف ”سپر فلاپ“ثابت ہوا لہٰذا پاکستان کرکٹ کو مشکلات سے نکالنے کیلئے نااہل کوچز کو نکال باہر کرنا لازمی ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

سابق لیفٹ آرم سپنر کے مطابق موجودہ حالات میں سرفراز احمد پر ناکامی کا تمام تر الزام نہیں دھرا جا سکتا جو اپنی کارکردگی مزید بہتر کر سکتے تھے مگر جو کچھ ہو رہا ہے اس میں بہتری کی امید دکھائی نہیں دے رہی اور قومی ٹیم میں مکمل اوور ہالنگ کی ضرورت ہے تب ہی طویل فارمیٹ میں کارکردگی بہتر ہو سکے گی۔

اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد ٹی ٹونٹی کرکٹ کو حد سے زیادہ توجہ دی گئی اور سلیکٹرز اگر مختصر فارمیٹ کے پلیئرز منتخب نہ کرتے تو نتائج کہیں بہتر بھی ہو سکتے تھے لیکن افسوس کہ اس پروٹیز ٹیم کے خلاف کلین سوئپ ناکامی ہوئی جو پاکستان سے بہتر نہیں تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ نے جنوبی افریقہ کے دورے کو آسان سمجھا جس کی وجہ سے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا اور اب وقت آگیا کہ ان غلطیوں کی تلافی کی جائے۔
وقت اشاعت : 18/01/2019 - 15:26:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :