بھارت نے آسٹریلیا کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی، بھارتی ٹیم نے 231 رنز کا ہدف آخری اوور میں 3 وکٹوں پر پورا کیا، مہندرا سنگھ دھونی ناقابل شکست 87 اور جادھیو ناقابل شکست 61 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ چاحال کو شاندار بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، مہندرا سنگھ دھونی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

جمعہ 18 جنوری 2019 17:00

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) بھارت نے آسٹریلیا کو تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ مہندرا سنگھ دھونی اور جادھیو نے ناقابل شکست نصف سنچریاں سکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ بھارت نے 231 رنز کا مطلوبہ ہدف 49.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

مہندرا سنگھ دھونی ناقابل شکست 87 اور جادھیو ناقابل شکست 61 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ کپتان ویرات کوہلی 46 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 48.4 اوورز میں 230 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔ پیٹر ہینڈز کومب نے 58 رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاحال نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

اس شاندار کارکردگی پر انکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مہندرا سنگھ دھونی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعہ کو میلبورن میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 48.4 اوورز میں 230 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے بھارتی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 231 رنز کا ہدف دیا۔ ایلکس کیری پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 5 رنز بناکر بھنیشوار کمار کی گیند پر ویرات کوہلی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، کپتان آرون فنچ بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور وہ 14 رنز بناکر بھنیشوار کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔

شان مارش آسٹریلیا کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 39 رنز بناکر چاحال کی گیند پر دھونی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ عثمان خواجہ 34 رنز بناکر چاحال کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ سٹوئنس 10 رنز بناکر چاحال کی گیند پر شرما کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ میکسویل 26 رنز بناکر محمد شامی کی گیند پر کمار کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ چررڈسن 16 رنز بناکر چاحال کی گیند پر جادہاو کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

پیٹر ہینڈز کامب 58 رنز بناکر چاحال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ ذامپا آسٹریلیا کے نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 8 رنز بناکر چاحال کی گیند پر شنکر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ سٹانلیک کینگروز ٹیم کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے محمد شامی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ پیٹر سڈل 10 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

یوں آسٹریلوی ٹیم پہلے کھیل کر 48.4 اوورز میں 230 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے بھارت کو میچ میں کامیابی کے لئے 231 رنز کا ہدف دیا۔ بھارت کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاحال نے 6 جبکہ محمد شامی اور بھنیشوار کمار نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ 231 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارت کی طرف سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا۔

روہت شرما بھارت کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 9 رنز بناکر پیٹر سڈل کی گیند پر شان مارش کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ شیکھر دھون بھارت کے دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 23 رنز بناکر سٹوئنس کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ کپتان ویرات کوہلی بھارت کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 46 رنز بناکر رچرڈسن کی گیند پر کیری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

انکے بعد مہندرا سنگھ دھونی اور جادھیو نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور نہ صرف چوتھی وکٹ پر 121 رنز کی شراکت داری قائم کی بلکہ اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ مہندرا سنگھ دھونی ناقابل شکست 87 اور جادھیو ناقابل شکست 61 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ یوں بھارت نے میزبان آسٹریلیا کو نہ صرف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ آسٹریلیا کی طرف سے رچرڈسن، پیٹر سڈل اور سٹوئنس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بھارت کے چاحال نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ مہندرا سنگھ دھونی کو شاندار کارکردگی پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 18/01/2019 - 17:00:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :