آسٹریلین اوپن ٹینس، رافیل نڈال، راجر فیڈرر، ٹامس برڈوچ، ڈیمروف اور باٹسٹا مینز سنگلز تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے

جمعہ 18 جنوری 2019 18:19

آسٹریلین اوپن ٹینس، رافیل نڈال، راجر فیڈرر، ٹامس برڈوچ، ڈیمروف اور باٹسٹا مینز سنگلز تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے
میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) سپین کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو رافیل نڈال، سوئٹزرلینڈ کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار راجر فیڈرر، جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈوچ اور سپین کے باٹسٹا اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن مینز سنگلز تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ اینڈرس سیپی، فریٹز اور خاچانوف دوسرے رائونڈ میں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

آسٹریلیا میں جاری میگا ایونٹ میں جمعہ کو کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ کے دوسرے رائونڈ میچز میں رافیل نڈال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے ایلکس ڈی مینار کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1، 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

سوئٹزرلینڈ کے راجرفیڈرر نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے امریکا کے فریٹز کو 6-2، 7-5 اور 6-2 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈوچ نے ارجنٹائن کے سچوارٹزمین کو سخت مقابلے کے بعد 5-7، 6-3، 7-5 اور 6-4 سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے تیسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ ایک اور میچ میں سپین کے باٹسٹا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کے خچانوف کو 6-4، 7-5 اور 6-4 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
وقت اشاعت : 18/01/2019 - 18:19:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :