حارث سہیل کی پی ایس ایل فور سے باہر ہونے کا خدشہ

ڈاکٹرز کا مڈل آرڈر بلے بازکو مزید 4 ہفتے آرام کا مشورہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 جنوری 2019 13:21

حارث سہیل کی پی ایس ایل فور سے باہر ہونے کا خدشہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری2019ء) قومی ٹیم کے ان فٹ مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کی پاکستان سپرلیگ فور میں شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔ حارث سہیل گھٹنے کی انجری کے باعث جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز کھیلے بغیرواپس لوٹے تھے جس کے بعد ان کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سکین کرایا گیا جس کی رپورٹ پی سی بی کو موصول ہوگئی ہیں، ذرائع کے مطابق انہیں 4ہفتے مزید ری ہیب کے عمل سے گزرنے کا مشور ہ دیا گیا ہے،ڈاکٹرز نے انہیں صرف فزیو کے تجویزہ کردہ طریقہ کار کے مطابق جسمانی مشق کرنے کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل کے رواں سیزن کے میچز میں شرکت نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، پی سی بی کے میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کو ان کے ری ہیب کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، مڈل آرڈر بلے باز جلد سے جلد فٹ ہوکر پی ایس ایل کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں، حارث سہیل لاہور قلندر ٹیم کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگا، لیگ کا فائنل 17مارچ کو کراچی میں کھیلا جائیگا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی، لیگ راﺅنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائیگی۔ اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو دفعہ اور پشاور زلمی کی ٹیم ایک بار لیگ جیت چکی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ 14فروری کو دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں فائنل سمیت کل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے آخری 8 میچز پاکستان کے شہروں لاہور اور کراچی میں کھیلے جائینگے۔ لاہور میں 3 میچز جبکہ فائنل سمیت پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائینگے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ 7 مارچ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین فلڈ لائٹس میں ہوگا جبکہ لاہور میں پہلامیچ 9 مارچ کو لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔ پاکستان میں کھیلے جانے والے 8 میچز کے علاوہ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 14میچز اور چار میچز شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائینگے۔ شیدول کے مطابق پی ایس ایل میں شرکت کرنے والی تمام ٹیمیں ہر ٹیم کےساتھ دو دو میچز کھیلیں گی۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، زمبابوے کے برینڈن ٹیلرسمیت 19کھلاڑی پہلی بار پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئینگے۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل میچ 17 مارچ کو کھیلا جائیگا جو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔ 
وقت اشاعت : 19/01/2019 - 13:21:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :