کم ترین اننگز میں 27ون ڈے سنچریاں، ہاشم آملا نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا

سابق پروٹیز کپتان بطور اوپنرزیادہ سنچریا ں بنانے والے تیسرے بلے باز بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 جنوری 2019 20:05

کم ترین اننگز میں 27ون ڈے سنچریاں، ہاشم آملا نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا
پورٹ ایلزبتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری2019ء) جنوبی افریقی ٹیم کے تجربہ کار اوپنر ہاشم آملانے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 27ون ڈے سنچریاں سکور کرنے کا بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ 35سالہ ہاشم آملا نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں 120گیندوں پر 7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 108رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،یہ ان کی ون ڈے کیریئر کی 167ویں اننگز میں 27ویں سنچری تھی جس کے ساتھ ہی انہوں نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ،انہوں نے169اننگز میں یہ ریکارڈ بنایا تھا ،لیجنڈری بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکرنے254اننگز کھیل کر27سنچریاں بنائی تھیں ،سابق آسٹریلیوی کپتان رکی پونٹنگ نے308 اور سابق سر ی لنکن اوپنر سنتھ جے سوریا نے 404اننگز کھیل کر27سنچریاں سکور کی تھیں۔

(جاری ہے)

ہاشم آملا زیادہ ون ڈے سنچریاں سکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں ، اس فہرست میں بھارت کے سچن ٹنڈولکر49سنچریوں کے ساتھ پہلے ، ویرات کوہلی39سنچریاں بنا کر دوسرے ،رکی پونٹنگ30سنچریوں کے ساتھ تیسرے اور سر ی لنکا کے سنتھ جے سوریا 28سنچریاں بنا کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں ۔ ہاشم آملا بطور اوپنر زیادہ سنچریاں سکور کرنے والے تیسر ے اوپننگ بلے باز بن گئے ہیں ، سچن ٹنڈولکر 45سنچریوں کے ساتھ پہلے اور سر ی لنکا کے سنتھ جے سوریا28سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں ،ویسٹ انڈیز کے کرس گیل23سنچریاں بنا کر چوتھے، سری لنکا کے تلکارتنے دلشان21سنچریوں کے ساتھ پانچویں ،بھارت کے روہت شرما اور سابق پاکستانی اوپنر20،20سنچریاں بنا کرمشترکہ طور پر چھٹے اور سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی19سنچریاں بنا کر ساتویں نمبر پر موجود ہیں ۔






وقت اشاعت : 19/01/2019 - 20:05:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :