ملتان سلطانز کے پلیٹ فارم سے جنوبی پنجاب کے ٹیلنٹ کوسامنے لایا جائے گا ، ایل ایم ایس کرکٹ لیگ کا دائرہ

پورے جنوبی پنجاب تک پھیلا ئیں گے ، کلبوں اور کھلاڑیوں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرینگے جس سے وہ انٹر نیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں ،علی خان ترین

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:50

ملتان سلطانز کے پلیٹ فارم سے جنوبی پنجاب کے ٹیلنٹ کوسامنے لایا جائے گا ، ایل ایم ایس کرکٹ لیگ کا دائرہ
لاہور۔19 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) ملتان سلطانز کے پلیٹ فارم سے جنوبی پنجاب کے ٹیلنٹ کوسامنے لایا جائے گا ،کوشش ہے کہ جنوبی پنجاب کے کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنیں اور جنوبی پنجاب کو کرکٹ کا عروج دوبارہ ملے۔ ایل ایم ایس کرکٹ لیگ کا دائرہ کار پورے جنوبی پنجاب تک پھیلا ئیں گے۔ جنوبی پنجاب کے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار ملتان سلطانز کے مالک اور ایل ایم ایس جنوبی پنجاب کے صدرعلی خان ترین نے زواری کر کٹ اکیڈمی میں لاسٹ مین سٹینڈ ز کرکٹ لیگ (ایل ایم ایس )کی اختتامی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ملتان سلطانز کے پارٹنر تیمور ملک اور ایل ایم ایس پاکستان کے ڈائریکٹر اسر ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

علی خان ترین نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی ٹیم بہترین پر فارمنس دے گی اور ہم پی ایس کا ٹائٹل جیتیں گے۔

علی ترین نے کہا کہ ہمارا ا مقصد جنوبی پنجاب میں کر کٹ کا فروغ اوراس کو عروج پر لانا ہے اور اس کیلئے جنوبی پنجاب میں گراؤنڈز اور دیگر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی۔ جنوبی پنجاب کے کلبوں اوردیگر کھلاڑیوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرینگے جس کے ذریعے وہ انٹر نیشنل سطح پر اپنا اور ملک کا نام روشن کر سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے بعد ہم جنوبی پنجاب میں خواتین کی کر کٹ کے فروغ کیلئے بھی کام کریں گے ا ور اس کیلئے ہم تعلیمی اداروں میں جائینگے اور یونیورسٹیوں ،کالجوں اور سکولز میں ایڈوکیسی پروگرام شروع کرینگے تاکہ خواتین کو کرکٹ کے بہترین مواقع میسر آسکیں۔

ہماری پوری کوشش ہوگی کہ آئندہ سال جنوبی پنجاب کی خواتین کی کر کٹ لیگ شروع کرائیں ہم خواتین کو بھی قومی اور انٹر نیشنل سطح پر مواقع فراہم کرینگے اوراس کیلئے انٹر نیشنل مرد وخواتین ٹیموں کوجنوبی پنجاب میں ٹورنامنٹ کھیلنے کی دعوت دینگے۔ علی ترین نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب جنوبی پنجاب کے کھلاڑیوں قومی ٹیم میں کھلیں گے۔ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی ،شعیب ملک اور محمد عرفان سمیت دیگر کھلاڑی مخالف ٹیموں کوٹف دینگے جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں ڈینلی اور سٹیوسمتھ جو کہ ان فٹ ہوگئے ہیں انکے متبادل کے لئے جلد اچھی خبر دینگے ، علی ترین نے کہا کہ پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ ملتان کے خوبصورت سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے میچز کروائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کا کوچز پینل مکمل ہے مگر سیزن کے بعد ایسا منٹور کوچ ٹیم میں شامل کرسکتے ہیں جو صرف جنوبی پنجاب میں آکر یہاں کے کھلاڑیوں کو ٹریننگ دے سکے۔ ،اس موقع پر ملتان سلطانز کی ٹیم کے پارٹنر تیمور ملک نے میڈیا سے گفتگو ہوئے کہا کہ ملتان سلطا نز کھیل کے سفر کیساتھ جنوبی پنجاب کی ترقی کا سفر ہے ،پی ایس ایل سے روز گار بڑھے گا۔

ملتان سلطانز جنوب کی پہچان اورعوام کی شان ہے۔تقریب کے آخر میں ایل ایم ایس ملتان کے پہلے سیزن میں ڈویثرن ون کی فاتح ٹیم قریشی کرکٹ کلب جبکہ رنر اپ کمبائنڈ کرکٹ کلب ،ڈویثرن ٹو کی فاتح ٹیم اولین سپورٹس کرکٹ کلب جبکہ رنر اپ سپرسٹار کرکٹ کلب، ڈویثرن تھری کی فاتح ٹیم پینتھر کرکٹ کلب جبکہ رنر اپ مسلم جمخانہ کرکٹ کلب کی ٹیمیں رہیں۔فاتح ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کو وننگ ٹرافیوں کے ساتھ ساتھ نقد انعامات بھی دیے گئے جبکہ بہترین پرفارمنس کا مظاہر ہ کرنے والے بلے بازوں ،باؤلرز اور وکٹ کیپرز کو میڈلز اور نقد انعامات دیے گئے۔
وقت اشاعت : 19/01/2019 - 23:50:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :