امام الحق اور حفیظ کی نصف سنچریاں آملہ کی سنچری پر بھاری پڑ گئیں، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا گرین شرٹس کو پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل، فاتح ٹیم نے 267 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، امام الحق 86 رنز بنا کر نمایاں رہے، حفیظ 71 رنز بنا کر ناقابل شکست، قومی ٹیم پورٹ الزبتھ میں ناقابل شکست ہونے کا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب

اتوار 20 جنوری 2019 00:50

امام الحق اور حفیظ کی نصف سنچریاں آملہ کی سنچری پر بھاری پڑ گئیں، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا گرین شرٹس کو پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل، فاتح ٹیم نے 267 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، امام الحق 86 رنز بنا کر نمایاں رہے، حفیظ 71 رنز بنا کر ناقابل شکست، قومی ٹیم پورٹ الزبتھ میں ناقابل شکست ہونے کا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب
پورٹ الزبتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) امام الحق اور محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے، ہاشم آملہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 108 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، ریسی وانڈر ڈوسن 93 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، امام الحق، محمد حفیظ اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی، امام الحق 86 رنز بنا کر نمایاں رہے، حفیظ نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا، شاداب خان 18 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ہاشم آملہ کی سنچری اور ڈوسن کی 93 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقن قائد فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے، ہاشم آملہ اور ریزا ہینڈرکس نے ٹیم کو 82 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، یہاں پر شاداب خان نے ہینڈرکس کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 45 رنز بنائے، اس موقع پر ریسی وانڈر ڈوسن نے آملہ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 155 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 237 تک پہنچا دیا، یہاں پر حسن علی نے ڈوسن کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 93 رنز بنائے، ہاشم آملہ نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور سنچری سکور کی، وہ 108 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ڈیوڈ ملر نے 16 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، شاداب خان اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا، ہدف کے تعاقب کیلئے گرین شرٹس جب میدان میں اتری تو امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 45 رنز کا آغاز فراہم کیا، ڈونے اولیویئر نے فخر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 25 رنز بنائے، اس موقع پر بابر اعظم نے امام الحق کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 94 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 139 تک پہنچا دیا، یہ پارٹنرشپ پروٹیز کیلئے خطرہ بنتی جا رہی تھی کہ یہاں پر ہینڈرکس نے بابر اعظم کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑ دی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، انہوں نے 49 رنز بنائے، 185 کے سکور پر گرین شرٹس کی تیسری وکٹ گری جب امام الحق 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد اولیویئر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، شعیب ملک زیادہ دیر تک حفیظ کا ساتھ نہ دے سکے اور 12 رنز بنانے کے بعد پہلک وایو کی گیند پر بولڈ ہو گئے، کپتان سرفراز احمد ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنے میں ناکام رہے اور ایک رن بنا کر عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس کے بعد شاداب خان نے حفیظ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 44 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو کامیابی دلائی، حفیظ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر پروٹیز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، شاداب خان 18 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، اولیویئر نے دو جبکہ پہلک وایو، عمران طاہر اور ہینڈرکس نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 20/01/2019 - 00:50:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :