آسٹریلین اوپن کا بڑا اپ سیٹ، دفاعی چیمپئن راجر فیڈرر پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے

رافیل نڈال، باٹسٹا ایگٹ اور فرانسز مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

اتوار 20 جنوری 2019 19:00

میلبورن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا، دفاعی چیمپئن راجر فیڈرر پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے، یہ گزشتہ 16 برس میں دوسرا موقع ہے کہ فیڈرر آسٹریلین اوپن کوارٹر فائنل میں پہنچنے سے محروم رہے ہوں، رافیل نڈال، باٹسٹا ایگٹ اور فرانسز تیافوئے فتوحات برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔

اتوار کو آسٹریلیا میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں یونانی کھلاڑی سٹیفانوس نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن اور سوئس سٹار راجر فیڈرر کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد ٹائی بریک پر 6-7(11-13)، 7-6(7-3)، 7-5 اور 7-6(7-5) سے اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، یہ سٹیفانوس کے کیریئر کی بڑی فتح ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، فیڈرر گزشتہ 16 برس میں دوسری مرتبہ آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

عالمی نمبر دو ہسپانوی سٹار رافیل نڈال نے جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈچ کو 6-0، 6-1 اور 7-6(7-5) سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، اسپینش کھلاڑی روبرٹو باٹسٹا ایگٹ بھی پری کوارٹر فائنل رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے کروشین کھلاڑی مرین کلچ کو شکست فاش سے دوچار کیا، امریکن کھلاڑی فرانس تیافوئے نے گریگور دمترف کو زیر کر کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
وقت اشاعت : 20/01/2019 - 19:00:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :