سائیکلسٹ وحید کی زندگی بچانے کے لئے مقامی ڈاکٹر سر توڑ کوشش کررہے ہیں،

دوسرے سائیکلسٹ ذیشان علی کی حالت بہتر ہے ،علاج کے تمام اخراجات سوئی سدرن گیس کمپنی برداشت کرے گی ،کوچ سوئی سدرن گیس کمپنی

پیر 21 جنوری 2019 17:07

لاہور۔21 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) ۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے کوچ نجیب الرحمان نے اے پی پی کو بتایا کہ جنرل ہسپتال لاہور میں دونوں سائیکلسٹ کھلاڑی وحید اور ذیشان کو بہترین علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہیں تاہم ابتدا میں ان پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال میں شدید زخمی حالت میں داخل پاکستان کے سائیکلسٹ وحید کی زندگی کو بچانے کے لئے مقامی ڈاکٹر سر توڑ کوشش کررہے ہیں جبکہ دوسرے سائیکلسٹ ذیشان علی کی حالت بہتر ہے اور وہ بات چیت کررہے ہیں ۔

ذیشان علی سائیکلنگ کے انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ وحید احمد نیشنل چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔ وحید احمد اس وقت وینٹی لیٹر پر ہیں اور ان کی زندگی ابھی بھی خطرے میں بیان کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑی روڈ سائیکلنگ کی پریکٹس کے دوران لاہور سے شیخوپورہ جا رہے تھے کہ راستے میں ٹریفک حادثہ کا شکار ہو گئے ۔

دونوں زخمی کھلاڑیوں کا تعلق سوئی سدرن گیس کمپنی سے ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جب کھلاڑی زخمی ہوئے تھے اور انہیں ہسپتال لایا گیا تھا تو کئی گھنٹے تک وہ سٹریچر پر پڑے رہے اور ان کا سی ٹی سکین بروقت نہ ہوسکا ، اگربروقت توجہ دیدی جاتی تو ان کی حالت زیادہ بہتر ہوتی ۔نجیب الرحمان نے بتایا کہ وحید احمد کی ریڑھ کی ہڈی سمیت جسم کے کئی حصوں پر فریکچر ہوئے ہیں اور وینٹی لیٹر پر ہیں اور ڈاکٹرز ان کی زندگی کو خطرہ سے نکالنے کے لئے اپنی بھرپور کوششیں کررہے ہیں جبکہ ذیشان کی حالت کافی بہتر ہے ۔

نجیب الرحمان نے کہاکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی طرف سے دونوں کھلاڑیوں کے اہل خانہ کو بتادیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے جس ہسپتال میں علاج چاہیں گے وہاں کے اخراجات ان کا ڈیپارٹمنٹ برداشت کرے گا ۔
وقت اشاعت : 21/01/2019 - 17:07:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :