دوسرا ون ڈے ، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان

عثمان شنواری کی جگہ شاہین آفریدی کو چانس مل سکتا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 جنوری 2019 12:54

دوسرا ون ڈے ، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان
ڈربن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جنوری2019ء) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا جس میں ہوم سائیڈ حساب برابر کیلئے بے چین ہے ،قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں تاہم عثمان شنواری کی جگہ شاہین آفریدی کو چانس مل سکتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے وسرے معرکے کیلئے آج میدان سنبھالیں گی تو پاکستانی ٹیم کی کوشش ہو گی کہ وہ عالمی کپ کی جانب بڑھتے ہوئے اس سیریز میں اپنی برتری کو قائم رکھے جبکہ ہوم سائیڈ بھی پہلے میچ کی ناکامی کا حساب برابر کرنے کیلئے بے چین ہے جس کیلئے مستقبل کے حوالے سے موثر کمبی نیشن مسئلہ بنا ہوا ہے۔

ڈیل اسٹین اور کوئنٹن ڈی کوک کی عدم موجودگی میں کلاسین بدستور وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور بیٹنگ لائن میں ریزا ہینڈرکس کے بجائے ایڈن مارکرم کو موقع دیا جا سکتا ہے جن کو ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کے باوجود پہلے میچ میں باہر بیٹھنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

اگرچہ ون ڈے سیریز کیلئے تیار کی جانےوالی وکٹوں میں ٹیسٹ کی طرح تیزی نہیں البتہ کنگسمیڈ کی وکٹ میں پیس اور باﺅنس کی وجہ سے فاسٹ باﺅلرز کو دلچسپی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ سمندر سے قریب ہونے کے سبب تیز ہواﺅں میں انہیں مدد مل سکتی ہے اور ایسے میں کگیسو ربادا اور ڈوانے اولیویئر اہمیت کے حامل ہو سکتے ہیں لیکن اس وکٹ کو پھر بھی ٹیسٹ میچوں میں سینچورین اور جوہانسبرگ جیسی نہیں کہا جا سکتا۔

پہلے میچ میں لیگ سپنر عمران طاہر بہت زیادہ موثر ثابت نہیں ہوئے لیکن عالمی کپ کے تناظر میں انہیں بہت زیادہ اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے اور اگر پروٹیز ٹیم نے دو سپنرز کا آپشن استعمال کیا تو پھر تبریز شمسی کو بھی ڈوین پریٹوریس کی جگہ قابل غور سمجھا جا سکتا ہے کیونکہ آخری تین میچوں کے دوران جو وکٹیں دستیاب ہیں ان پر سپنرز کا کردار زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔

اگرچہ پاکستانی ٹیم میں کسی تبدیلی کی توقع نہیں لیکن وکٹ کو دیکھتے ہوئے عثمان شنواری کی جگہ شاہین آفریدی کو موقع مل سکتا ہے تاہم اس میدان پر 5میں سے 3میچوں میں کامیابی کے ریکارڈ کی مالک قومی ٹیم کی کوشش ہو گی کہ اپنے پانچوں آل راونڈرز کو عمدگی سے استعمال کرتے ہوئے سیریز میں برتری قائم رکھی جائے۔واضح رہے کہ دو ہزار تیرہ میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنےوالی پاکستانی ٹیم کے صرف دو کھلاڑی موجودہ سکواڈ میں شامل ہیں جن میں سے محمد حفیظ آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ ہونےوالے چوتھے عالمی اور نئے قوانین کے تحت پہلے کھلاڑی ثابت ہوئے تھے ۔
وقت اشاعت : 22/01/2019 - 12:54:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :