تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین جونیئر سکوائش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر پی ایس ایف کے نائب صدر کی قومی ٹیم کو مبارکباد

منگل 22 جنوری 2019 14:42

تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین جونیئر سکوائش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر پی ایس ایف کے نائب صدر کی قومی ٹیم کو مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین جونیئر سکوائش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جونئیر کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کا اثاثہ ثابت ہوں گے۔

منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف آف ائیر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان جوکہ پاکستان سکوائش فیڈریشن (پی ایس ایف) کے صدر بھی ہیں اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران کی کوششوں کی وجہ سے ملک میں نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی کوششوں کی وجہ سے نوجوان کھلاڑیوں نے ایشین جونیئر سکوائش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت کر عالمی سطح پر اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت کر بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے جس پر ہمیں اور پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے ایشین جونیئر سکوائش چیمپئن شپ میں ٹیم کی غیرمعمولی کارکردگی کی تعریف کی اور کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت دینے پر کوچنگ سٹاف اور فیڈریشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ کھلاڑی مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کیلئے مزید اعزازات جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کیلئے ملک بھر میں سکوائش اکیڈمیاں قائم کر رکھی ہیں جس میں جونیئر کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ بہت جلد ان اکیڈمیوں سے نامور کھلاڑی سامنے آئیں گے اور عالمی سطح پر وہ اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔
وقت اشاعت : 22/01/2019 - 14:42:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :