دوسرا ون ڈے، جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت لیا

پانچ میچز کی سیریز میں سرفراز الیون کو 0-1 کی برتری حاصل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 جنوری 2019 15:35

دوسرا ون ڈے، جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت لیا
ڈربن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جنوری2019ء) پانچ ون ڈے میچزکی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ کنگزمیڈ گراﺅنڈ،ڈربن میں دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے مدمقابل ہوں گی، سیریز میں قومی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔دوسرے میچ کے لیے سرفراز الیون میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور عثمان شنواری اور عماد وسیم کی جگہ حسن طلعت اور شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ، فخر زمان اور امام الحق ہی اوپنرز کی حیثیت سے میدان میں اتریں گے جب کہ بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد( کپتان)، شاداب خان، حسین طلعت، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ٹیم ایکشن میں دکھائی دے گی۔

(جاری ہے)

میزبان ٹیم میں دو تبدیلیاں ہوئی ہیں ، پروٹیز سکواڈ میں ایڈین مارکرم، ریزا ہینڈرکس، ہاشم آملہ، ریسی وین ڈیر ڈیسن، فاف ڈوپلیسی(کپتان )، ڈیوڈ ملر، ہینرچ کلیسن، اینڈلے فیلکوایو، ڈیوائن پریٹورائس، تبریز شمسی، کگیسو رابادا، ڈیوائن اولیوائر اور عمران طاہر پر مشتمل ہے۔اس سے قبل کھیلے گئے تمام میچز میں ڈربن کے کنگز میڈ سٹیڈیم میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے، گرین شرٹس نے 6 میچز میں سے 4 میں فتح سمیٹی، 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، فروری 2007 ءاور مارچ 2013ءمیں کھیلے جانے والے گزشتہ دونوں میچز میں پاکستان نے میزبان ٹیم پر برتری ثابت کی۔

اس میدان پر گرین شرٹس کا سب سے زیادہ سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز 2007 ءمیں بنایا گیا تھا، اس میں محمد یوسف کی ناقابل شکست سنچری، یونس خان کے 93 اور شاہد آفریدی کے 77 ناٹ آﺅٹ رنز شامل تھے، عمران نذیر نے 57 کی اننگز کھیلی تھی، دسمبر 2002ءمیں پاکستانی ٹیم یہاں اپنے سب سے کم ٹوٹل 140 تک محدود رہی،شان پولاک اور نکی بوئے نے 3،3 شکار کیے تھے۔
وقت اشاعت : 22/01/2019 - 15:35:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :