جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دیدی

حسن علی کی نصف سنچری،شاہین آفرید ی اور شاداب خان کی محنت رائیگاں

muhammad ali محمد علی منگل 22 جنوری 2019 23:18

جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دیدی
ڈربن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جنوری2019ء) 5ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1سے برابر کردی ہے ۔ 204رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ابتدائی 3 اہم وکٹیں شاہین شاہ آفریدی لےکر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔انہوں نے ریضا ہینڈرکس،ہاشم آملہ اور کپتان فاف ڈوپلیسی کو29 کے مجموعے تک پویلین بھیج دیا۔

چوتھی وکٹ پر ڈیوڈ ملر نے راسی وین ڈرڈسن کے ساتھ مل کر تھوڑی بہت مزاحمت کی کوشش کی تاہم 80 کے مجموعی سکور پر شاداب خان نے پہلے 31 رنز بنانے والے ملر اور پھر ہائنرک کلاسن کو میدان بدر کرکے ایک بار پھر میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا تاہم گزشتہ میچ میں لمبی اننگز کھیلنے والے امام الحق صرف 5 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، کچھ ہی دیر بعد ون ڈاﺅن آنےوالے بابراعظم 37 کے مجموعی سکور پر 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،37 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ بھی وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 9 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے جبکہ اوپنر فخرزمان بھی 26 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، شعیب ملک اور شاداب خان نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم شاداب خان 18 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے،اپنا پہلا ون ڈے کھیلنے والے حسین طلعت بھی محض2رنز بنا کر تبریز شمسی کی بال پر سٹمپ آﺅٹ ہوئے ،شعیب ملک کی اننگز 21رنز پر تمام ہوئی ،فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے شمسی کا تیسرا شکار بنے،گرین شرٹس کی 8وکٹیں 112رنز گر گئیں، کپتان سرفراز احمد اور حسن علی نے 9ویں وکٹ پر 90رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا سکور 202 رنز تک پہنچادیا۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد 41رنز بناکر فیلوکوایو کا تیسرا شکار بن گئے ،ان کے آﺅٹ ہونے کے بعد 203 کے مجموعی سکور پر فیلوکوایو نے59 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلنے والے حسن علی کی وکٹ بھی اپنے نام کرلی ،جنوبی افریقا کی طرف سے فیلوکوایو نے4، شمسی نے 3، ربادا نے 2 اور اولیور نے 1 وکٹ لی ۔دوسرے میچ کےلئے سرفراز الیون میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور عثمان شنواری اور عماد وسیم کی جگہ حسن طلعت اور شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ، فخر زمان اور امام الحق ہی اوپنرز کی حیثیت سے میدان میں اتریں گے جبکہ بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد( کپتان)، شاداب خان، حسین طلعت، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ٹیم ایکشن میں دکھائی دےگی۔

میزبان ٹیم میں دو تبدیلیاں ہوئی ہیں ، پروٹیز سکواڈ میں ایڈین مارکرم، ریزا ہینڈرکس، ہاشم آملہ، ریسی وین ڈیر ڈیسن، فاف ڈوپلیسی(کپتان )، ڈیوڈ ملر، ہینرچ کلیسن، اینڈلے فیلکوایو، ڈیوائن پریٹورائس، تبریز شمسی، کگیسو رابادا، ڈیوائن اولیوائر اور عمران طاہر پر مشتمل ہے۔اس سے قبل کھیلے گئے تمام میچز میں ڈربن کے کنگز میڈ سٹیڈیم میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ، گرین شرٹس نے 6 میچز میں سے 4 میں فتح سمیٹی، 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، فروری 2007 ءاور مارچ 2013ءمیں کھیلے جانےوالے گزشتہ دونوں میچز میں پاکستان نے میزبان ٹیم پر برتری ثابت کی۔

اس میدان پر گرین شرٹس کا سب سے زیادہ سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز 2007 ءمیں بنایا گیا تھا، اس میں محمد یوسف کی ناقابل شکست سنچری، یونس خان کے 93 اور شاہد آفریدی کے 77 ناٹ آﺅٹ رنز شامل تھے، عمران نذیر نے 57 کی اننگز کھیلی تھی، دسمبر 2002ءمیں پاکستانی ٹیم یہاں اپنے سب سے کم ٹوٹل 140 تک محدود رہی،شان پولاک اور نکی بوئے نے 3،3 شکار کیے تھے۔
وقت اشاعت : 22/01/2019 - 23:18:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :