پی ایس ایل سیزن فور کے آغاز سے قبل پشاور زلمی کا بڑا اعلان

گلوبل زلمی لیگ کا تیسرا ایڈیشن مارچ میں اسلام آ باد میں ہوگا

بدھ 23 جنوری 2019 18:51

پی ایس ایل سیزن فور کے آغاز سے قبل پشاور زلمی کا بڑا اعلان
لاہور۔23 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) پشاور زلمی کے پلیٹ فارم سے ہونے والے گلوبل زلمی لیگ کا تیسرا ایڈیشن رواں سال مارچ میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا ۔دنیا بھر کے 16 ممالک سے ٹیمیں کرکٹ کھیلنے پاکستان آئیں گی۔ زلمی پلیئرز ڈیویلمپنٹ پروگرام کے تحت گلوبل زلمی لیگ سے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی۔

گلوبل زلمی لیگ کا تیسرا ایڈیشن 21 مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہوگا جس کا فائنل 31 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں سب سے پہلے اور اہم کردار پشاور زلمی نے ادا کیا تھا جب پی ایس ایل ٹو کا فائنل کھیلنے کے لیے پشاور زلمی کی پوری ٹیم لاہور آئی تھی۔

(جاری ہے)

ہمیں خوشی ہے کہ اس بڑے قدم کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی بتدریج جاری ہے اور پی ایس ایل کے آٹھ میچز ہونے کے بعد گلوبل زلمی لیگ کے انعقاد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور ملک کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پشاورزلمی واحد پی ایس ایل فرنچائز ہے جس کے دنیا کے 25 سے زائد ممالک میں رجسٹرڈ فینز کلبز قائم ہیں اور دنیا کے سولہ ممالک سے زلمی کلبز کی ٹیموں کی آمد سے جہاں پاکستان کامثبت امیج دنیا بھر میں جائیگا وہیں ساتھ ہی نوجوان کرکٹرز کو پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کا بہترین تجربہ حاصل ہو گا۔گلوبل زلمی لیگ کا پہلا ایڈیشن دو ہزار سترہ اور دوسرا ایڈیشن دو ہزار اٹھارہ میں عجمان میں منعقد ہوا تھا۔ گلوبل زلمی لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے بعد گلوبل زلمی لیگ ٹیم کا اعلان بھی کیا۔
وقت اشاعت : 23/01/2019 - 18:51:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :