محمد حفیظ کےلئے جنوبی افریقہ کےخلاف ون ڈے سیریز کے دوران ”بری خبر“ آگئی

ڈیل سٹین اور کوئنٹن ڈی کوک کی پروٹیز سکواڈ میں واپسی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 جنوری 2019 12:22

محمد حفیظ کےلئے جنوبی افریقہ کےخلاف ون ڈے سیریز کے دوران ”بری خبر“ آگئی
کیپ ٹاﺅن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جنوری2019ء) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کے لیے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے مقابلے سے قبل ”بری خبر “ آگئی ، پروٹیز فاسٹ باﺅلر ڈیل سٹین اور وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک پاکستان کے خلاف آخری تین ون ڈے میچز کے لیے سکواڈ میں واپس آگئے ہیں ۔ جنوبی افریقی میڈیاکے مطابق ڈین اولیور ،ہینرک کلاسن اور ڈین پیٹرسن کو سکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے اور لیفٹ آرم سیمر بائرن ہینڈرکس کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ،ڈی کوک وکٹ کیپنگ کے فرائض سر انجام دیں گے ۔

ہینڈرکس پاکستان کے خلاف اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کرسکتے ہیں ،وہ اب تک اپنے لسٹ اے کیریئر میں 66میچز میں32.86کی اوسط سے 87وکٹیں حاصل کرچکے ہیں،پروٹیز سلیکٹرز نے فاسٹ باﺅلر کگیسو ربادا کو پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے آرام دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈیل سٹین پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے رو ز کندھے کی انجری کا شکار ہوکر میدان سے باہر چلے گئے تھے تاہم بعد میں واپس آکر باﺅلنگ کی ۔

ڈیل سٹین کی واپسی نے قومی ٹیم کے سینئر بلے باز محمد حفیظ کی مشکلات بڑھا دی ہیں کیوں کہ پروٹیز فاسٹ باﺅلرز کا پاکستانی بلے باز کے خلاف پلڑہ بھاری ہے ، ڈیل سٹین اب تک محمد حفیظ کو 227گیندیں کروا چکے ہیں جس پر حفیظ نے168رنز سکور کیے تھے ،حفیظ کا بیٹنگ سٹرائیک ریٹ 74.01رہا جب کہ11.20کی اوسط سے 15مرتبہ انہیں سٹین نے پوویلین بھیجا،سٹین کا حفیظ کے خلاف باﺅلنگ سٹرائیک ریٹ 15.13رہا،حفیظ اب تک سٹین کو27چوکے لگا چکے ہیں تاہم ابھی تک کوئی چھکا نہیں لگا سکے ہیں ۔

وقت اشاعت : 24/01/2019 - 12:22:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :