جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے سرفراز احمد کو معاف کردیا

بطور کپتان سرفراز کے عمل پر تحفظات ہیں، تاہم بطور کھلاڑی معافی افسوس کا اظہار کرنے پر انہیں معاف کرتے ہیں، اب اس معاملے کا فیصلہ آئی سی سی کرے گی: فاف ڈپلویسی

muhammad ali محمد علی جمعرات 24 جنوری 2019 22:22

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے سرفراز احمد کو معاف کردیا
کیپ ٹاون (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جنوری2019ء) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے سرفراز احمد کو معاف کردیا، فاف ڈپلویسی کا کہنا ہے کہ بطور کپتان سرفراز کے عمل پر تحفظات ہیں، تاہم بطور کھلاڑی معافی افسوس کا اظہار کرنے پر انہیں معاف کرتے ہیں، اب اس معاملے کا فیصلہ آئی سی سی کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے نسل پرستانہ جملے کسے جانے کے معاملے پر جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈپلویسی کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔

فاف ڈپلویسی کا کہنا ہے کہ چونکہ سرفراز احمد نے معافی مانگ لی ہے، اس لیے وہ اس معاملے پر انہیں معاف کرتے ہیں۔ تاہم اس معاملے پر کوئی بھی حتمی فیصلہ آئی سی سی کرے گی۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق کیوں کہ یہ نسلی تعصب کا معاملہ ہے اس لیے اس پر آئی سی سی کی جانب سے مختلف ایکشن لینے کی گنجائش ہے،ایسے قوانین موجود ہیں کہ سرفراز کو کسی کارروائی کا سامنا نہ ہو،آئی سی سی کے اینٹی ریس ازم کوڈ میں کارروائی سے بچ جانے کا امکان ہے،آئی سی سی کے کوڈ کی شق 4.3 کے تحت دونوں کھلاڑی راضی ہوں تو مفاہمت ہوسکتی ہے،مفاہمت کی صورت میں سرفراز احمد سزا سے بچ جائیں گے اور سرفرازاحمد پہلے ہی معافی مانگ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مفاہمت نہ ہونے کی صورت میں سرفراز احمد پرجرمانہ اور سزا ہوسکتی ہے اور انہیں ڈی میرٹس پوائنٹس بھی مل سکتے ہیں۔آئی سی سی کے وکلاءاس وقت معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے حسن علی کے 59 رنز کی بدولت میزبان ٹیم کو 204 رنز کا ہدف دیا،ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 80 رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو گئی اور اس موقع پر پاکستان کی فتح کے امکانت کافی روشن ہو گئے تھے، لیکن پھر ایندائل فلکوایو اور روسی وین ڈر ڈوسن وکٹ پر ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور باﺅلرز کے تمام تر حربوں کو ناکام بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔یقینی فتح ہاتھ سے نکلتے دیکھ کر قومی ٹیم کے کپتان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور جنوبی افریقی کرکٹر فلکوایو پر نسل پرستانہ جملے کس دیئے۔ سرفراز احمد حریف کو اردو زبان میں یہ کہتے سنائی دیئے کہ’ ’ابے کالے تیری امی کہاں بیٹھی ہوئی ہیں کیا پڑھوا کر آیا ہے آج تو“۔

ظاہر ہے کہ بیٹسمین کو اردو کایہ جملہ سمجھ نہیں آیا ہوگا مگر سٹمپ مائیکرو فون سے شائقین نے سنا اور وہ سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے بھی کرتے رہے، یہ واقعہ جنوبی افریقی اننگز کے 37ویں اوور میں پیش آیا جب شاہین شاہ آفریدی باﺅلنگ کر رہے تھے اور اس موقع پر کمنٹیٹر نے رمیز راجہ سے اس کے معنی بھی بتانے کی گزارش کی لیکن موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے رمیز راجہ بات کو ٹال گئے۔
وقت اشاعت : 24/01/2019 - 22:22:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :