امام الحق کا ٹی ٹونٹی ڈیبیو کا انتظار مزید لمبا ہوگیا

صاحبزادہ فرحان کو سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ ،بابر اعظم کی جگہ اوپننگ کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 25 جنوری 2019 15:16

امام الحق کا ٹی ٹونٹی ڈیبیو کا انتظار مزید لمبا ہوگیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 جنوری2019ء) جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے اوپنر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں 86 رنز سکور کرنے والے امام الحق کی جگہ سلیکٹرز تین ٹی ٹونٹی میچوں میں نوجوان اوپنر صاحبزادہ فرحان کو کھلانا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان کے ساتھ ساتھ ون ڈے سکواڈ سے ڈراپ شدہ جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کو بھی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے دس ٹیسٹ اور 18 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے امام الحق ابھی تک ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ڈیبیو نہیں کرپائے ہیںاور اب ان کا انتظارمزید لمبا ہوگیا ہے۔ فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے پیسر وقاص مقصود پر ترجیح دی جائے گی جب کہ ون ڈے سیریز کے بعد امام الحق، محمد رضوان اور شان مسعود وطن واپس آجائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس سیریز میں بابر اعظم کی جگہ پاکستان کی اننگز کا آغاز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان کریں گے جب کہ مڈل آرڈر میں بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حسین طلعت، آصف علی اور سرفراز احمد کھیلیں گے ،شاداب خان اور عماد وسیم آل راﺅنڈرز کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جب کہ فاسٹ باﺅلنگ کے شعبے کا بوجھ محمد عامر، حسن علی، فہیم اشرف، عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی پر ڈالا جائے گا ۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے میچز یکم، 3 اور 6 فروری کو کھیلے جائیں گے۔پاکستان اس وقت138پوائنٹس کے ساتھ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہے اور اس سیریز کے نتائج کا اس کی پوزیشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔
وقت اشاعت : 25/01/2019 - 15:16:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :