نسل پرستانہ ریمارکس،سرفرازاحمد نے پھیلکوایو سے معافی مانگ لی

پروٹیز ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی پہلے ہی سرفراز کومعاف کرنے کا اعلان کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 25 جنوری 2019 15:53

نسل پرستانہ ریمارکس،سرفرازاحمد نے پھیلکوایو سے معافی مانگ لی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جنوری2019ء) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقی کرکٹر ایڈل پھیلکوایو سے معافی مانگ لی ۔سرفراز احمد نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ”آج صبح میں نے پھیلکوایو سے ملاقات کرکے ان سے معافی مانگی ہے اور انہوں نے بھی دل بڑ ا کرتے ہوئے میری معافی قبول کرلی ہے،امید ہے کہ جنوبی افریقہ کے لوگ بھی مجھے معاف کردیں گے “۔

یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے حسن علی کے 59 رنز کی بدولت میزبان ٹیم کو 204 رنز کا ہدف دیا،ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 80 رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو گئی اور اس موقع پر پاکستان کی فتح کے امکانت کافی روشن ہو گئے تھے، لیکن پھر ایندائل فلکوایو اور روسی وین ڈر ڈوسن وکٹ پر ڈٹ گئے۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑیوں نے پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور باﺅلرز کے تمام تر حربوں کو ناکام بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔یقینی فتح ہاتھ سے نکلتے دیکھ کر قومی ٹیم کے کپتان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور جنوبی افریقی کرکٹر فلکوایو پر نسل پرستانہ جملے کس دیئے۔ سرفراز احمد حریف کو اردو زبان میں یہ کہتے سنائی دیئے کہ’ ’ابے کالے تیری امی کہاں بیٹھی ہوئی ہیں کیا پڑھوا کر آیا ہے آج تو“۔

ظاہر ہے کہ بیٹسمین کو اردو کایہ جملہ سمجھ نہیں آیا ہوگا مگر سٹمپ مائیکرو فون سے شائقین نے سنا اور وہ سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے بھی کرتے رہے، یہ واقعہ جنوبی افریقی اننگز کے 37ویں اوور میں پیش آیا جب شاہین شاہ آفریدی باﺅلنگ کر رہے تھے اور اس موقع پر کمنٹیٹر نے رمیز راجہ سے اس کے معنی بھی بتانے کی گزارش کی لیکن موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے رمیز راجہ بات کو ٹال گئے۔
وقت اشاعت : 25/01/2019 - 15:53:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :