ہاشم آملہ نے محمد آصف کو جادوگر باﺅلر قرار دے دیا

آصف کو میچ فکسنگ کی وجہ سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تاہم ان کی لائن اینڈ لینتھ بہت شاندار تھی:سابق پروٹیز کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 30 جنوری 2019 11:45

ہاشم آملہ نے محمد آصف کو جادوگر باﺅلر قرار دے دیا
کیپ ٹاﺅن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جنوری2019ء) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بلے باز ہاشم آملا نے اعتراف کیا کہ ان کے کیریئر کے مشکل ترین گیند باز پاکستان کے محمد آصف تھے جو جادوگر باﺅلر ہیں۔ایک انٹرویو کے دوران ہاشم آملہ سے جب پوچھا گیا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں اب تک کس باﺅلر کو خطرناک پایا جس پر ہاشم آملہ نے پاکستان کے محمد آصف کا نام لیا،ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ محمد آصف بہت صلاحیتوں کے حامل تھے، ان کی بولنگ کی رفتار تقریبا 135 کلو میٹر فی گھنٹہ کی تھی لیکن وہ جادوگرباﺅلر تھے،جنوبی افریقی بلے باز نے کہا کہ محمد آصف کو میچ فکسنگ کی وجہ سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تاہم ان کی لائن اینڈ لینتھ بہت شاندار تھی،ہاشم آملہ نے 2007 ءمیں کھیلے گئے ایک ٹیسٹ میچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محمد آصف کی گیندیں اکثر پہلے چوتھی سٹمپ پر گرتیں اور پھر گھومتی ہوئی ادھر ادھر چلی جاتیں، یہ کوئی جادوگر ہی کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ہاشم آملا کا مزیدکہنا تھا کہ انہوں نے دنیا کے دیگرکئی مایہ نز کرکٹرز سے بات کی ہے اور ان سب کے خیال میں محمد آصف انتہائی خطرناک باﺅلر تھے ۔ یاد رہے کہ انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن اور سابق جنوبی افریقی کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈیویلیئرز بھی محمد آصف کو اپنے کیریئر کا مشکل ترین باﺅلر قرار دے چکے ہیں ۔36سالہ محمد آصف نے 23ٹیسٹ ،38ون ڈے اور11ٹی ٹونٹی مقابلوں میں پاکستانی کی نمائندگی کی اور بالترتیب106،46اور13کھلاڑیوں کو پوویلین بھیجا،2010ءکے سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ہونے کے باعث محمد آصف کو5سال کیلئے کرکٹ کے میدانوں سے معطل کردیا گیا۔
وقت اشاعت : 30/01/2019 - 11:45:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :