راولپنڈی میں سکواش کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کوچ خالد خان

بدھ 30 جنوری 2019 14:35

راولپنڈی میں سکواش کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کوچ خالد خان
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2019ء) انٹرنیشنل کوچ خالد خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں سکواش کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، پاکستان سکواش فیڈریشن نوجوان کھلاڑیوں کو ہر سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہے، قومی کھلاڑی فرحان ہاشمی کا تعلق بھی راولپنڈی سے جنہوں نے ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

گزشتہ روز اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ راولپنڈی کے پروفیشنل کھلاڑیوں کی کوچنگ کرتے ہیں۔ سکواش فیڈریشن ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں سکواش کھیل کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اس وقت راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے بہت سے کھلاڑی قومی اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ راولپنڈی ہی کے فرحان ہاشمی نے ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں بھارت کے خلاف فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے سکول کی سطح پر بھی نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور کوچنگ کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ ہر سال ڈسٹرکٹ اور قومی لیول کے ٹورنامنٹس بھی منعقد کئے جاتے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں راولپنڈی سپورٹس کمپلیکس میں کمشنر کپ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔
وقت اشاعت : 30/01/2019 - 14:35:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :