تیسری انٹرنیشنل میراتھن ریس میں دنیا کے 12 ممالک سے 50 نامور اتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب۔۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انعام کی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر ایک لاکھ 15 ہزار امریکی ڈالر کردی گئی ہے، چوہدری پرویز الٰہی کا میراتھن ریس میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ سے خطاب

ہفتہ 13 جنوری 2007 22:10

تیسری انٹرنیشنل میراتھن ریس میں دنیا کے 12 ممالک سے 50 نامور اتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب۔۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انعام کی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر ایک لاکھ 15 ہزار امریکی ڈالر کردی گئی ہے، چوہدری پرویز الٰہی کا میراتھن ریس میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ سے خطاب
لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 13جنوری 2007ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تیسری انٹرنیشنل میراتھن ریس کے سلسلے میں عوام کا زبردست جوش و خروش ان کی تعمیری و صحت مند سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار ہے، پہلی دوکی طرح یہ تیسری ریس بھی زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوگی جس سے میراتھن کے حوالے سے لاہور کا تشخص عالمی سطح پر اجاگر ہوگا،تیسری انٹرنیشنل میراتھن ریس میں دنیا کے 12 ممالک سے 50 نامور اتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں اور میراتھن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خصوصی افراد کے لئے بھی شرکت کا اہتمام کیا گیا ہے، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انعام کی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر ایک لاکھ 15 ہزار امریکی ڈالر کردی گئی ہے-وہ گذشتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں تیسری انٹرنیشنل میراتھن ریس میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے- صوبائی وزراء ، سیکرٹری صاحبان اور چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے لاہور کے چیئرمین غوث اکبر بھی اس موقع پر موجودتھے-وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ تیسری انٹرنیشنل میراتھن ریس میں خصوصی افراد کے لئے تین ایونٹس رکھے گئے ہیں جن میں ٹرائی سائیکل ، وہیل چیئر ریس اور قوت بینائی سے محروم افراد کی دوڑ شامل ہے- انہوں نے کہا کہ سندھ سے 135 خصوصی افراد ا ریس میں حصہ لینے کے لئے لاہور آئے ہیں- انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال میراتھن ریس میں 25 ہزار افراد نے حصہ لیا تھا جبکہ اس سال 50 ہزار سے زائد افراد کے اس ریس میں حصہ لینے کی توقع ہے- انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کے چیمپئن ، ریشین چیمپئن ، اتھوپین چیمپئن اور لاس انجلیس میراتھن میں کامیابی حاصل کرنے والے اتھلیٹس بھی اس میں حصہ لے رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ بھارت سے بھی 16 اتھلیٹس اس میں شرکت کے لئے یہاں آئے ہیں- انہوں نے کہا کہ یہ میراتھن ریس ایک زبردست عالمی ایونٹ ہے جسے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مقبولیت مل رہی ہے- انہوں نے کہا کہ یہ میراتھن ریس اس لحاظ سے بھی انفرادی خصوصیت رکھتی ہے کہ اس میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اور تمام عمر کے افراد حصہ لے رہے ہیں-چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ لاہور ایک اہم تاریخی و ثقافتی شہر ہے جو علاقے کی سیاسی ، ثقافتی اور سماجی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے- انہو ں نے کہا کہ یہ شہر کھیلو ں کے اہم ایونٹس کا انعقاد کرکے سپورٹس کی سرگرمیو ں کو فروغ دے رہا ہے- انہوں نے کہا کہ میراتھن ریس جیسے ایونٹس برداشت ، تحمل اور صحت مند مقابلے کے رجحان کو تقویت دینے کا باعث بنتے ہیں- انہوں نے کہا کہ عوام کا میراتھن ریس کی سرگرمیوں میں جوش و خروش یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ تعمیری و مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں- انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے لاہور کو اس ایونٹ کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور یہ ٹاسک فورس مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل ہے- انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے لاہور کی پوری ٹیم کی کاوشوں سے پہلی دو بین الاقوامی میراتھن ریسسز کامیاب ہوئیں اور یہ تیسرا ایونٹ بھی کامیابی سے ہمکنار ہوگا- انہوں نے کہا کہ میراتھن ریسسز کے حوالے سے چیئرمین ٹا سک فورس برائے لاہور غوث اکبر اور ان کی پوری ٹیم کے اراکین کی کاوشیں لائق تحسین ہیں-چیئرمین ٹاسک فورس برائے لاہور غوث اکبر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق تیسری انٹرنیشنل میراتھن ریس کے موقع پر ٹریفک اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ اس ریس میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے
وقت اشاعت : 13/01/2007 - 22:10:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :