پی سی بی نے پی ایس ایل4 کے کمنٹیٹر اور ماہرین کا اعلان کردیا

میتھیو ہیڈن، گریم سمتھ بھی کمنٹری ٹیم کا حصہ ہوں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 30 جنوری 2019 18:35

پی سی بی نے پی ایس ایل4 کے کمنٹیٹر اور ماہرین کا اعلان کردیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جنوری2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل سیزن فور کے لیے کمنٹیٹر اور ماہرین کا اعلان کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل سیزن فور کے لیے کمنٹیٹر اور ماہرین کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق کمنٹیٹر میں رمیز راجا، ڈینی موریسن، مائیکل سلاٹر اور ایلن ولکنز شامل ہیں۔پی سی بی کے مطابق آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، جنوبی افریقا گریم سمتھ، کیپلز ویسلز اور بازید خان بھی کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

پی ایس ایل سیزن فور کے ماہرین میں عامر سہیل، بریڈ ہوگ اور شان ٹیٹ کو شامل کیا گیا ہے جب کہ پریزنٹرز میں فخر عالم، ایرن ہولینڈ اور زینب عباس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پی سی بی نے پی ایس ایل سیزن فور کے لیے آفیشلز کا اعلان کیا تھا، سری لنکا کے روشن مہانامہ، محمد انیس اور جاوید ملک میچ ریفری ہوں گے، رچرڈ ایلنگ ورتھ، مائیکل گلف، احسن رضا، شاہ زیب رضا، آصف یعقوب، طارق رشید امپائر پینل میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جب کہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔لاہور میں ہونےوالے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
وقت اشاعت : 30/01/2019 - 18:35:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :