تیسرا ٹی ٹونٹی ،پاکستانی باﺅلرز نے ٹیم کو کلین سویپ کی خفت سے بچالیا

محمد عامر اور شاداب خان کی عمدہ پرفارمنس

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 فروری 2019 00:36

تیسرا ٹی ٹونٹی ،پاکستانی باﺅلرز نے ٹیم کو کلین سویپ کی خفت سے بچالیا
سنچورین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6فروری2019ء) تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 27رنز سے شکست دیدی۔پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 169رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کیلئے ریز ا ہینڈرکس اور جانیمن مالان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ہینڈرکس5رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے ، مالان بھی ناکام رہے اورصرف 2رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے،ہینرک کلاسن صرف2رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے جس کے بعد ڈیوڈ ملر اور وین ڈر ڈسن نے چوتھی وکٹ کے لیے36رنز جوڑے جسکے بعد ملر13رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ، فہیم اشرف نے41رنز بنانے والے وین ڈر ڈسن کو فل ٹاس گیند پر آﺅٹ کیا ،پھیلکوایو 10رنز بنا کر شاداب خان کی دوسری وکٹ بنے،ہینڈرکس 3 رنز بنا کر عامر کی گیند پر بولڈ ہوئے جنہوں نے جونیئر ڈالا کو بھی5رنز پر پوویلین چلتا کیا،فہیم اشرف نے سمپالا کو صفر کی خفت سے دوچارکیا،کرس مورس کی ناقابل شکست ففٹی بھی پروٹیز کو کامیاب نہ کرا سکی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سنچورین میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقی کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیتا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ فخر زمان اور بابر اعظم پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے 24 رنز جوڑے، بابر اعظم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 23 رنز بنائے جس میں 5 چوکے بھی شامل تھے۔فخر زمان ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور17رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے،محمد رضوان اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کےلئے42رنز جوڑے جسکے بعد رضوان 26رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، شعیب ملک18رنز سکور کرکے رن آﺅٹ ہوگئے جبکہ حسین طلعت 3رنز سکور کرکے پوویلین لوٹے،عماد وسیم اور آصف علی کے مابین35رنز کی شراکت داری ہوئی جس کے بعد عماد وسیم19رنز بنا کر ہینڈرکس کی گیند پر بولڈ ہوئے،آصف علی 25رنز سکورکرکے مور س کی گیند پر آﺅ ٹ ہوئے،فہیم اشرف3رنز بنا کرہینڈرکس کا شکار بنے جبکہ محمد عامر بھی بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے،شاداب خان نے آخری اوور میں3چھکے لگا کر ٹیم کا سکور168رنز تک پہنچایا، شاداب22رنز کےساتھ ناٹ آﺅ ٹ رہے،جنوبی افریقا کے سب سے کامیاب باﺅلر ہینڈرکس رہے جنہوں نے 4 شکار کیے، مورس کے حصے میں 2، سپملا اور پھلکوایو کے حصے میں 1،1وکٹ آئی۔

اس میچ کےلئے میزبان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، عثمان شنواری اور حسن علی کی جگہ محمد عامر اور فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہے۔ جنوبی افریقا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں ہارنے کے باوجود اسکی پہلی پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑا البتہ اسے قیمتی ریٹنگ پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا ہے۔
وقت اشاعت : 07/02/2019 - 00:36:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :