عماد وسیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بڑااعزاز اپنے نام کرلیا

سیریز یا ٹورنامنٹ میں ڈینیئل ویٹوری کا کفایتی ترین باﺅلنگ کا ریکارڈ توڑ ڈالا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 فروری 2019 12:56

عماد وسیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بڑااعزاز اپنے نام کرلیا
سنچورین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7فروری2019ء) قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر عماد وسیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بڑااعزاز اپنے نام کرلیا۔30سالہ عماد وسیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں12اوورز میں51رنز دے کر17کی اوسط سے3شکار کیے اور اس دوران ان کا اکانومی ریٹ محض4.25رہا جو جنوبی افریقہ سرزمین پرسیریز یا ٹورنامنٹ میں 10سے زیادہ اوورز کرنے والے کسی بھی باﺅلر کا بہترین اکانومی ریٹ ہے ، اس سے قبل سابق کیوی کپتان ڈینیئل ویٹوری نے ورلڈ ٹی ٹونٹی 2007ءکے دوران پروٹیز کے دیس میں محض5.33کی اوسط سے رنز دیئے تھے ۔

یاد رہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 27 رنز سے شکست دے دی۔سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے 169 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 141 رنز ہی بنا سکی، مڈل آڈر بیٹسمین وینڈر ڈوسن 41 اور مورس55 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہینڈرکس 5، ملان اور کلاسن 2، 2 جب کہ کپتان ملر13، پھلکوایو 10، اوربی ہینڈرکس3 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3، فہیم اشرف اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ عماد وسیم اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں جنوبی افریقی کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیتا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، قومی ٹیم کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ شارٹس کھیلے اور تیز رفتاری سے سکور میں اضافے کی وجہ سے وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔

گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 168 رنز بنائے، شاداب خان نے آخری اوور میں 3 شاندار چھکوں کی مدد سے 21 رنز بناکر ٹیم کو فائٹنگ ہدف تک پہنچایا، شاداب خان نے 8 گیندوں پر 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد رضوان 26 اور آصف علی 25 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ بابر اعظم نے 23، فخرزمان نے 17، شعیب ملک نے 18،حسین طلعت 3، عماد وسیم 19،فہیم اشرف 4 اور محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کے سب سے کامیاب بولر ہینڈرکس رہے جنہوں نے 4 شکار کیے، مورس کے حصے میں 2، سپملا اور پھلکوایو کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔اس میچ کے لیے میزبان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں، عثمان شنواری اور حسن علی کی جگہ محمد عامر اور فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ جنوبی افریقا دو ٹی ٹونٹی میچز میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرچکی ہے، پہلے دونوں میچوں میں ہدف کے تعاقب کرتے ہوئے گرین کیپس بھرپور مقابلے کے باوجود فتح سے ہمکنار ہونے میں ناکام رہی۔
وقت اشاعت : 07/02/2019 - 12:56:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :