دورہ جنوبی افریقہ،شاہین آفریدی اور بابر اعظم نے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے

دونوں کھلاڑیوں سے دورے پر تینوں فارمیٹس میں شاندار کھیل دکھایا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 فروری 2019 17:09

دورہ جنوبی افریقہ،شاہین آفریدی اور بابر اعظم نے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے
سنچورین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7فروری2019ء) قومی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی اور نوجوان بلے باز بابر اعظم نے پروٹیزکے دیس میں شاندار کھیل پیش کرکے سب کے دل جیت لیے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے دورہ جنوبی افریقہ مجموعی طور پر کسی ڈراﺅنے خواب سے کم ثابت نہیں ہوا اور گرین شرٹس کو تینوں فارمیٹس میں پروٹیز کے ہاتھوں ہار کا منہ دیکھنا پڑا، پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں3-0 ، ون ڈے سیریز میں 3-2 جب کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی افریقہ کیخلاف طویل سیریز کے دوران خاص کر پاکستان کی بیٹنگ لائن نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور خاص کر نچلے نمبرز پر جارحانہ بلے بازی کرنے والے کھلاڑی کی کمی شدت سے محسوس کی گئی، سیریز کے دوران کئی مواقعوں پر باﺅلرز نے بھی کافی مایوس کیا تاہم ایک باﺅلر اور بلے باز ایسا تھا جس نے اس سیریز کے دوران مسلسل عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کرکے سب سے دل جیت لیے۔

(جاری ہے)

18سالہ شاہین شاہ آفریدی کا ایشیاءسے باہر یہ پہلا انٹر نیشنل دورہ تھا لیکن انہوں نے اپنی عمر سے زیادہ میچورٹی کے ساتھ باﺅلنگ کی جس کا صلہ انہیں کامیابیوں کی صورت میں ملا، انہوں نے دورہ جنوبی افریقہ کے دورا ن2ٹیسٹ میچز میں26.67کی اوسط سے9شکار کیے جب کہ 4ون ڈے میچز میں محض4.63کے اکانومی ریٹ سے6وکٹیں حاصل کیں، ٹی ٹونٹی سیریز میں انہیں 2میچز کھیلنے کا موقع ملا جس میں انہوںنے صرف6.25کے اکانومی ریٹ سے2کھلاڑیوں کو پوویلین کی راہ دکھائی ۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے بلے باز بابر اعظم نے بھی سیریز میں عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کیا ،انہوں نے 3ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 36.83کی اوسط سے221رنز سکورکیے جن میں 2نصف سنچریاں بھی شامل تھیں،انہوں نے سیریز میں ڈیل سٹین کو21چوکے بھی لگائے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے، ون ڈے سیریز میں بابر اعظم نے48.75کی اوسط سے195رنز بنائے جن میں ایک نصف سنچری شامل تھی،ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی بابر اعظم کا بلا کھل کر چلااورانہوں نے3میچز میں50.33کی اوسط سے151رنز سکور کیے اور اس دوران ان کا سٹرائیک ریٹ157.29رہا۔
دورہ جنوبی افریقہ،شاہین آفریدی اور بابر اعظم نے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے
وقت اشاعت : 07/02/2019 - 17:09:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :