ایسے پلیئرز کی خدمات حاصل ہیں جو اچانک میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں:سرفراز احمد

پاکستان کرکٹ میں کچھ بھی ناممکن نہیں، ورلڈکپ ٹرافی جیت کرلائیں گے :کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 فروری 2019 16:20

ایسے پلیئرز کی خدمات حاصل ہیں جو اچانک میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں:سرفراز احمد
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 فروری 2019ء) قومی کپتان سرفراز احمد کی آنکھوں میں ورلڈ کپ ٹرافی چومنے کا خواب جگمگانے لگا جن کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ میں کچھ بھی ناممکن نہیں اور انہیں ایسے پلیئرز کی خدمات حاصل ہیں جو اچانک ہی پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کو ورلڈ چیمپئن کا خطاب دلانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی، ورلڈ کپ میں ذاتی کارکردگی بھی اہم ہوگی تاہم نوجوان کھلاڑیوں پر پورا بھروسہ ہے جو دنیا کی بڑی ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا اعتراف کرا چکے اور میگا ایونٹ میں بھی مایوس نہیں کریں گے اور اپنے آئیڈیل پلیئر عمران خان کی طرح وہ بھی ورلڈ کپ ٹرافی جیت کر پاکستان لائیں گے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 30مئی سے انگلینڈ میں شروع ہوگا اور ایونٹ کا فائنل لارڈز میں14جولائی کو کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل سیزن چار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ انٹر نیشنل لیول کا ایونٹ بن چکا ہے جس میں امید ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی زیادہ تعداد میں حصہ لیں گے۔ یو اے ای کی کنڈیشنز سازگار ہیں جن میں ہر ٹیم کے پاس کارکردگی دکھانے کا اچھا موقع ہو گا تاہم اس مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹائٹل جتوانے کی بھرپور کوشش کریں گے کیوں کہ ماضی میں جیت کے قریب پہنچ کر وہ ٹرافی سے محروم رہے۔ 


وقت اشاعت : 09/02/2019 - 16:20:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :