پی ایس ایل پاکستانی برانڈ ہے ،ہم سب کو مل کر اسے کامیاب بنانا چاہئے، سینیٹر فیصل جاوید خان

اوورسیز پاکستانی اپنے پیسے بینکنگ چینل کے ذریعے بھیجیں، ہنڈی یا حوالہ ملکی معیشت کیلئے نقصاندہ ہے،ڈیم کی تعمیر کیلئے مخیر حضرات دل کھول کر عطیات دیں، دبئی میں لیبر کیمپس کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب

پیر 11 فروری 2019 22:42

پی ایس ایل پاکستانی برانڈ ہے ،ہم سب کو مل کر اسے کامیاب بنانا چاہئے، سینیٹر فیصل جاوید خان
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل پاکستانی برانڈ ہے ،ہم سب کو مل کر اسے کامیاب بنانا چاہئے، اوورسیز پاکستانی اپنے پیسے بینکنگ چینل کے ذریعے بھیجیں، ہنڈی یا حوالہ ملکی معیشت کیلئے نقصاندہ ہے،ڈیم کی تعمیر کیلئے مخیر حضرات دل کھول کر عطیات دیں۔تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید خان نے دبئی میں پی ٹی آئی دبئی کے صدر عرفان افسر اعوان اور پی ٹی آئی ابوظہبی کے صدر رضوان بنگش کے ہمراہ دبئی الکوز اور حیسنہ(سوناپور) کے مختلف لیبر کیمپس کا دورہ کیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی ورکرز نے شرکت کی۔

تقریب کا انعقاد پی ٹی آئی دبئی کے فنانس سیکرٹری جمشید فاضل اور پی ٹی آئی دبئی کے رہنما محمد ثقلین نے کیا جس میں پی ٹی آئی دبئی کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین انوارالحق ڈوگر ، پی ٹی آئی دبئی ممبر شپ کوآرڈنیٹر افراسیاب ستی، رضوان الحسن، خیام الحق خیام، ڈپٹی سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی شارجہ سید احمد حسن اور امتیاز احمد بھٹہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

لیبر کیمپ میں سینیٹر فیصل جاوید خان نے پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل پاکستانی برانڈ ہے ،ہم سب کو مل کر اسے کامیاب بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب لوگ اپنے پیسے بینکنگ چینل کے ذریعے بھیجیں، ہنڈی یا حوالہ ملکی معیشت کیلئے نقصاندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی بہت قلت ہے، ڈیم کی تعمیر کیلئے تمام مخیر حضرات دل کھول کر اپنے عطیات دیں۔

پی ٹی آئی دبئی کے صدر عرفان افسر اعوان نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو جاننے کیساتھ ساتھ اوورسیز کے مسائل کو سمجھ کر حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، حکومتی وزرا بیرون ملک لیبر کیمپوں میں جا رہے ہیں،یہاں کی حکومت کیساتھ بھی لیبر کو مزید آسانیاں پیدا کرنے کیلئے بات چیت چل رہی ہے۔پی ٹی آئی ابوظہبی کے صدر رضوان بنگش نے کہا کہ پی ایس ایل ہمارا برانڈ ہے ہم نے ہر قیمت پر اس کو کامیاب بنانا ہے اور انشا اللہ بہت جلد پی ایس ایل دنیا کی سب سے بڑی لیگ بن جاے گی۔
وقت اشاعت : 11/02/2019 - 22:42:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :