مانچسٹر یونائیٹڈ کی خریداری،سعودی ولی عہد نے تردید کردی

ولی عہد محمد بن سلمان کے مانچسٹر یونائیٹڈ کی خریداری کی خواہش کے حوالے سے رپورٹس میں صداقت نہیں حکام مئی 2005 میں مانچسٹر یونائٹڈ کو اس کے موجودہ امریکی مالکان نے 79 کروڑ پاؤنڈ میں خریدا تھا، رپورٹ

پیر 18 فروری 2019 18:56

مانچسٹر یونائیٹڈ کی خریداری،سعودی ولی عہد نے تردید کردی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے وزیر اطلاعات نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی 3.8 ارب پاؤنڈ میں خریداری سے متعلق رپورٹس کی تردید کردی۔بی بی سی اسپورٹس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس سے قبل رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے مانچسٹر یونائٹڈ کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ مئی 2005 میں مانچسٹر یونائٹڈ کو اس کے موجودہ امریکی مالکان نے 79 کروڑ پاؤنڈ میں خریدا تھا۔سعودی حکام کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کے مانچسٹر یونائیٹڈ کی خریداری کی خواہش کے حوالے سے رپورٹس میں صداقت نہیں۔انہوں نے کہاکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے حکام نے سعودی عرب کے پی آئی ایف (پبلک انویسٹمنٹ فنڈ) حکام سے اسپانسر شپ کے سلسلے میں ملاقات کی تھی لیکن اس حوالے سے بھی کسی قسم کا معاہدہ طے نہیں پایا۔

(جاری ہے)

یورپی فٹبال کلب کی کاروباری قدر کو متعین کرنے والے ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ اس وقت یورپ کا مہنگا ترین فٹبال کلب بن چکا ہے۔بزنس سروس گروپ کے پی ایم جی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں اسپین کے مشہور و معروف فٹبال کلب ریال میڈریڈ اور بارسلونا بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ای ایس پی این کی ایک رپورٹ کے مطابق انگلش کلب کی قدر اس وقت 3 ارب یورو سے زائد ہے جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آنے والے کلب کی قیمت 2 ارب 89 کروڑ یورو ہے، اس کے علاوہ فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ٹیم بارسلونا کی قدر 2 ارب 68 کروڑ یورو ہے۔

کے پی ایم جی دنیا کی چار بڑی آڈیٹنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے، جس نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ دنیا کا پہلا کلب ہے جس کی قدر 3 ارب یورو سے تجاوز کر گئی ہے۔تحقیق کے مصنف اور کے پی ایم جی عالمی کھیلوں کے سربراہ اینڈریا سارٹوری نے کہا کہ یورپ کے سرفہرست 32 کلبوں کی مجموعی قدر سے پتا چلتا ہے کہ دنیا بھر میں فٹبال کی بحیثیت صنعت قدر میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یورپ کے 32 فٹبال کلبوں پر تحقیق ہوئی جس میں ان کے براڈ کاسٹنگ حقوق، منافع، مشہوری، ٹیم کی جیتنے کی صلاحیت اور اسٹیڈیم کی ملکیت کا جائزہ لیا گیا۔
وقت اشاعت : 18/02/2019 - 18:56:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :