قومی انڈر19 ہاکی چیمپئن شپ، خیبر پختونخوا (بی)، پنجاب (ڈی) اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیموں نے اپنے، اپنے میچز جیت لئے

گلگت بلتستان اور سندھ (بی) کی ٹیموں کے درمیان میچ برابر رہا

پیر 18 فروری 2019 21:38

قومی انڈر19 ہاکی چیمپئن شپ، خیبر پختونخوا (بی)، پنجاب (ڈی) اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیموں نے اپنے، اپنے میچز جیت لئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) خیبر پختونخوا (بی)، پنجاب (ڈی) اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیموں نے قومی انڈر19- ہاکی چیمپئن شپ میں اپنے، اپنے میچز جیت لئے،جبکہ گلگت بلتستان اور سندھ (بی) کی ٹیموں کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام شہناز ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں خیبر پختونخوا (بی) نے سندھ (ای) کو ایک سخت مقابلے کے بعد 2-1 گول سے ہرا دیا، سندھ کے نعمان نے 18 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کے چار منٹ بعد خیبر پختونخوا کے مرین نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے سے برابر کر دیا، خیبر پختونخوا کے مزمل نے 43 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک جاری رہی۔

(جاری ہے)

سندھ کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے ہیں۔ دوسرے میچ میں پنجاب (ڈی) نے فاٹا کو 10-2 گول سے ہرا دیا، فاتح ٹیم کی جانب سے فصیح الحسنین نے چار، محمد یاسر نے تین گول جبکہ بلال اکرم، وقارالحسن اور ارسلان علی نے ایک، ایک گول کیا، فاٹا کی طرف سے زعفران اور فیضان نے ایک ایک گول کیا۔ تیسرا میچ گلگت بلتستان اور سندھ (بی) کی ٹیموں کے درمیان 2-2 گول سے برابر رہا۔

گلگت بلتستان کی جانب سے محمد مسرور اور عرفان اعوان نے ایک، ایک گول جبکہ سندھ (بی ) کی طرف سے دونوں گول غلام مصطفی نے کئے۔ چوتھے میچ میں آزاد جموں و کشمیر نے اسلام آباد کو 5-1 گول سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے احتشام نے دو گول جبکہ شازیب، ظہور حسین اور زین العابدین نے ایک، ایک گول کیا، اسلام آباد کی طرف سے واحد گول اظہراللہ نے کیا۔

(آج) منگل کو مزید پانچ میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ بلوچستان اور پنجاب( بی) کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، دوسرے میچ میں فاٹاکا مقابلہ خیبرپختونخوا (بی) سے ہوگا،تیسرے میچ میں پنجاب (سی) اور اسلام آباد کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی،چوتھے میچ میں سندھ( بی) اور پنجاب (ای) کی ٹیموں کا آمناسامنا ہوگا، پانچواں میچ آزادجموں و کشمیر اور خیبرپختونخوا (ای) کی ٹیموں کے درمیان ہوگا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شہباز احمد سنیئر نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے چودہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ،گروپ اے میںپنجاب (ای)، سندھ( بی) اور گلگت بلتستان، گروپ بی میںپنجاب( بی)، گلگت بلتستان (بی) اور بلوچستان،گروپ سی میں سندھ( ای)، خیبرپختونخوا( بی) ، فاٹا اور پنجاب( ڈی) جبکہ گروپ ڈی میںخیبرپختونخوا (ای)، اسلام آباد، پنجاب(سی) اور آزاد جموں وکشمیرشامل ہیں،چیمپئن شپ کا فائنل میچ 24 فروری کو کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 18/02/2019 - 21:38:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :