بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کردے:ہربھجن سنگھ

ہماری ٹیم پاکستان سے کھیلے بغیر بھی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے:سابق آف سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 فروری 2019 12:35

بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کردے:ہربھجن سنگھ
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19فروری 2019ء) سابق بھارتی آف سپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے پلوامہ حملے کے بعد بھارتی ٹیم کو ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ نہیں کھیلنا چاہیئے ۔ ایک انٹرویوکے دوران ہربھجن سنگھ کاکہنا تھا کہ بھارت کو ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے کے انکار کردینا چاہیئے ، بھارتی ٹیم اتنی مضبوط ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ کھیلے بغیر بھی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔

ہربھجن سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ اپنی فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کو کسی طور پر پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات بحال کرنے کی ضرورت نہیں ہے،ان کا کہنا تھا کہ ملک سے محبت کسی بھی چیز سے زیادہ اہم ہوتی ہے ،کرکٹ ہو، ہاکی ہو یا کوئی ا ور بھی سپورٹس ہو اس کی تب کوئی اہمیت نہیں ہوتی جب سرحدوں پر روزانہ ہمارے جوان مارے جارہے ہیں ،ہمیں پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات نہیں رکھنے چاہیئے، ہم دنیا کو کھلانے کے لیے اکیلے ہی کافی ہیں ،کرکٹ یا اور بھی کھیل اہم نہیں ہے، ہم اپنے جوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، ان کی موت ضائع نہیں جانی چاہیئے ۔

(جاری ہے)

ہربھجن سنگھ کامزید کہنا تھا کہ اس وقت مشکل وقت ہے کیوں کہ اتنا بڑا حملہ ہوا ہے،جہاں تک کرکٹ کی بات ہے تو ہمیں پاکستان سے نہیں کھیلنا چاہیئے ورنہ وہ اسی طرح ہمارے جوانوں کو مارتے رہیں گے ۔                                                                                 
وقت اشاعت : 19/02/2019 - 12:35:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :