بھارت کھیل کو کھیل سمجھے اور اس میں سیاست کو شامل نہ کرے، سرفراز احمد

اگر بھارت رضامند ہے تو ہمیں کرکٹ کھیلنا چاہئیے ، اگر رضامند نہیں ہے تو ہم بھی بھارت کے پیچھے نہیں جائیں گے، کپتان قومی ٹیم

جمعرات 21 فروری 2019 20:11

بھارت کھیل کو کھیل سمجھے اور اس میں سیاست کو شامل نہ کرے، سرفراز احمد
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھارت کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر دبنگ اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کو چاہئیے کہ وہ کھیل کو کھیل ہی سمجھے اور کھیل میں سیاست کو شامل نہ کرے۔ اگر بھارت کرکٹ کھیلنے کے لیے رضامند ہے تو ٹھیک ہے ہمیں بھی کرکٹ کھیلنی چاہئیے لیکن اگر بھارت نے رضامندی ظاہر نہیں کی تو ہم بھارت کے پیچھے نہیں بھاگیں گے۔

ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ جس طرح پی ایس ایل پروان چڑھا ہے، اسی طرح اب پی ایس ایل کا شمار آئی پی ایل کے بعد دوسری بڑی لیگ میں ہو رہا ہے لہذا اس کو نقصان نہیں پہنچانا چاہئیے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی نے بھی پاک بھارت میچ کے لیے گرین سگنل دے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ میں ہونے والا ورلڈ کپ 2019 30 مئی سے 14 جولائی تک کھیلا جائے گا، اور شائقین کرکٹ اس میگا ایونٹ کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرنے کو تیار ہے تو قومی کرکٹ ٹیم بھی میچ میں جیت کے لیے پرعزم ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2019 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرچکی ہے اور بھارتی میڈیا نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی کے اعلان کردہ شیڈول کے تحت ٹورنامنٹ مئی 30 سے جولائی 14 کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 21/02/2019 - 20:11:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :