ہم پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت سے نہیں روک سکتے ، بھارتی بورڈ آفیشل

بی سی سی آئی کسی بھی صورت اس پر فیصلہ نہیں کر سکتا، قوموں کے تنازعات ہوتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں فیفا یا اولمپکس جیسے اہم ایونٹس میں شرکت نہ کی جائے کمیٹی نے پاکستان کی شرکت پر پابندی کے حوالے سے کوئی خط تیار نہیں کیا اگر انہوں نے ایسا کیا بھی ہے تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اسے مسترد کر دے گی،رکن بورڈ آئینی طور پر ایسا ممکن نہیں اور آئی سی سی کوالیفائی کرنے والے تمام اراکین کو اپنے ایونٹس میں شرکت کا اختیار دیتا ہے، کرکٹ ماہرین آئی سی سی کے تمام بورڈ اراکین کی ورکشاپ 24 سے 26 فروری تک شیڈول ہے،بھارت اگر آئی سی سی کے پاس جانے کافیصلہ کرتا ہے تو ممکنہ طور پر اسی ورکشاپ میں یہ بات رکھی جائے گی البتہ یہاں بھی ان کی ناکامی کا قوی امکان ہے

جمعرات 21 فروری 2019 21:28

ہم پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت سے نہیں روک سکتے ،  بھارتی بورڈ آفیشل
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) ہم پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت سے نہیں روک سکتے ، بھارتی کرکٹ بورڈ کے اندر سے ہی مخالفت شروع ۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کسی بھی صورت اس پر فیصلہ نہیں کر سکتا، قوموں کے تنازعات ہوتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ فیفا یا اولمپکس جیسے اہم ایونٹس میں شرکت نہ کی جائے۔

البتہ ایک بھارتی آفیشل نے کسی بھی قسم کے خط کی تیاری کے موقف کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی سی سی آئی یا کمیٹی نے پاکستان کی شرکت پر پابندی کے حوالے سے کوئی خط تیار نہیں کیا اور اگر انہوں نے ایسا کیا بھی ہے تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اسے مسترد کر دے گی۔بی سی سی آئی آفیشل نے کہا کہ آئینی طور پر ایسا ممکن نہیں اور آئی سی سی کوالیفائی کرنے والے تمام اراکین کو اپنے ایونٹس میں شرکت کا اختیار دیتا ہے۔

(جاری ہے)

کھیل کے عالمی ضابطوں اور قوانین پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین نے بھی بھارت کی اس کوشش کو خام خیالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت چاہے کتنی ہی کوشش کیوں نہ کر لے، وہ پاکستان کو ایونٹ میں شرکت سے نہیں روک سکتا۔کھیل کے عالمی منظرنامے خصوصاً کرکٹ پر گہری نظر رکھنے والے مشہور کرکٹ ماہر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ بی سی سی آئی اس سلسلے میں کچھ نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کھیل کی گورننگ باڈی سے عالمی ایونٹ میں کسی ملک کی شرکت پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرنے کی بات صرف کہنا آسان ہے، ایسے ایونٹ میں کئی ممالک شریک ہوتے ہیں لہٰذا کسی ایک ملک کی ایما پر فیصلے نہیں لیے جا سکتے اور خود کو بے وقوف بنانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ آئی سی سی کے تمام بورڈ اراکین کی ورکشاپ 24 سے 26 فروری تک شیڈول ہے اور بھارت اگر آئی سی سی کے پاس جانے کافیصلہ کرتا ہے تو ممکنہ طور پر اسی ورکشاپ میں یہ بات رکھی جائے گی البتہ یہاں بھی ان کی ناکامی کا قوی امکان ہے۔

کرکٹ ماہر کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اس معاملے پر ووٹنگ کرے گا کیونکہ یہاں بھارت کی مرضی نہیں چلے گی اور اس فیصلے پر تمام اراکین کے متفق ہونے تک بھارت کو کسی بھی قسم کی کامیابی کا خواب نہیں دیکھنا چاہیے۔پلوامہ حملے کے بعد بھارتی جارحیت رکنے کا نام لے رہی اور اب یہ جارحیت سفارتی سطح سے بڑھ کر کھیل سمیت دیگر شعبوں پر بھی بری طرح اثر انداز ہو رہی ہے۔

پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کا خواب دیکھنے والے بھارت نے اب کرکٹ کے میدانوں میں بھی اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے تعینات کی گئی کرکٹ کی انتظامی کمیٹی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے چیئرمین کو لکھنے جانے والے خط کا مسودہ تیار کر لیا ہے جس میں ان سے درخواست کی جائے گی کہ آئی سی سی پاکستان کی ورلڈ کپ 2019 میں شرکت پر پابندی عائد کرے۔۔واضح رہے کہ رواں سال انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 16 جون کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا اور اس میچ کے ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 21/02/2019 - 21:28:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :